امریکہ نے شدت پسندوں کے حملوں کے تناظر میں دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں امریکی شہریوں کے اغوا اور انھیں یرغمال بنائے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے لہذا امریکی شہریوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی چوکنا رہیں۔
بیان کے مطابق حکام کا ماننا ہے کہ شام اور عراق میں دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف امریکہ کی زیر قیادت اتحاد میں کی جانے والی کارروائیوں کے ردعمل میں مغربی ملکوں کے شہری ممکنہ طور پر حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کے یورپی ارکان مشرق وسطیٰ سے واپس آ چکے ہیں جس کی وجہ سے یورپ میں بھی ایسے ہی حملوں کا خدشہ ہے۔
یہ سفری انتباہ کے اجرا سے چند گھنٹے قبل ہی فرانس میں پولیس نے شہریوں کو یرغمال بنانے والے تین مسلح افراد کو کارروائی کر کے ہلاک کردیا تھا۔
ان میں سے گزشتہ بدھ کو پیرس میں ایک جریدے 'چارلی ایبڈو' پر ہونے والے ہلاکت خیز حملے میں ملوث تھے۔
جریدے پر حملے میں مدیر اعلیٰ اور دو پولیس اہلکاروں سمیت کم ازکم 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔