رسائی کے لنکس

سال 2022: باکس آفس پر ناکام ہونے والی 10 بالی وڈ فلمیں


رواں برس کرونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد فلم بینوں نے ایک بار پھر سنیما گھروں کا رخ کیا اور فلم سازوں نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سنیما لانے کے لیے کئی بڑے بجٹ کی فلمیں پیش کیں۔ لیکن معروف اداکاروں اور بڑا بجٹ ہونے کے باوجود کئی فلموں کو باکس آفس پر ناکامی کا ہی سامنا کرنا پڑا۔

رواں برس کی ایسی فلموں کا جائزہ لیتے ہیں جو بڑے بجٹ اور معروف اداکاروں کی موجودگی کے باوجود باکس آفس پر ناکام رہی ہیں۔

1۔ لال سنگھ چڈھا

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈھا' ان کے چاہنے والوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔ اس فلم کے ذریعے عامر خان چار برس بعد دوبارہ کسی فلم میں نظر آئے تھے۔

لال سنگھ چڈھا رواں برس 11 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔ اس فلم کا بجٹ 180 کروڑ بھارتی روپے تھا۔ البتہ فلم صرف لگ بھگ 129 کروڑ بھارتی روپے کما سکی تھی۔

فلم کی ہدایت ادویت چندن نے دی تھیں جب کہ اسے عامر خان نے پروڈیوس کیا تھا۔

2۔ سمراٹ پرتھوی راج

رواں برس اکشے کمار نے کئی فلمیں کیں لیکن ان کی فلموں کو باکس آفس پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاریخ پر مبنی فلم 'سمراٹ پرتھوی راج' تین جون 2022 کو ریلیز ہوئی۔

اکشے کمار کی یہ فلم لگ بھگ 200 کروڑ بھارتی روپے میں بنی تھی جب کہ یہ باکس آفس پر تقریباً 90 کروڑ بھارتی روپے ہی کما سکی۔

رواں سال اکشے کمار کی دیگر بڑے بجٹ والی فلمیں بچن پانڈے، رکشا بندھن اور رام سیتو باکس آفس پر کوئی خاص بزنس نہ کر سکیں۔

3۔ شمشیرا

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور چار برس بعد فلم 'شمشیرا' کے ذریعے بڑے پردے پر نظر آئے لیکن ان کی یہ فلم باکس آفس پر نمایاں کامیابی سمیٹنے میں ناکام رہی۔

کرن ملہوترا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'شمشیرا' نے باکس آفس پر تقریباً 63 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی۔

اس فلم کا بجٹ تقریباً 150 کروڑ بھارتی روپے تھا جس میں اداکار رنبیر کپور اور سنجے دت نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ ان کے ساتھ اداکارہ وانی کپور نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

4۔ رن وے 34

اجے دیوگن اور امیتابھ بچن کی موجودگی کے باوجود فلم 'رن وے 34' باکس آفس میں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

اداکار اجے دیوگن کی ہی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 29 اپریل کو ریلیز ہوئی تھی جس نے 54 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔

اس فلم کا بجٹ 65 کروڑ بھارتی روپے تھا۔

5۔ دھکڑ

رواں برس اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم 'دھکڑ' کو بھی باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

'دھکڑ' کا بجٹ 85 کروڑ بھارتی روپے تھا جب کہ یہ باکس آفس پر صرف ڈھائی کروڑ ہی کما سکی۔

فلم 'دھکڑ' کے ریلیز کے وقت اداکار کارتک آریان کی فلم 'بھول بھلیا 2' بھی ریلیز ہوئی تھی۔ لیکن 'بھول بھلیا ٹو' سال 2022 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہے۔

6۔ جیش بھائی جور دار

کامیڈی ڈرامہ فلم 'جیش بھائی جور دار' 13 مئی کو ریلیز ہوئی جس میں اداکار رنویر سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

'یش راج فلمز' کے بینر تلے ریلیز ہونے والی یہ فلم مداحوں کو زیادہ نہ بھائی۔

اس فلم نے باکس آفس پر تقریباً 26 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جب کہ اس کا بجٹ 86 کروڑ بھارتی روپے تھا۔

7۔ این ایکشن ہیرو

ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم 'این ایکشن ہیرو' میں اداکار ایوشمان کھرانہ نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

دو دسمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے باکس آفس پر تقریباً 13 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔

8۔ ہیرو پنتی 2

رواں برس مشہور بالی وڈ فلم 'ہیرو پنتی' کا سیکوئل ریلیز ہوا۔ اداکار ٹائیگر شروف، نوازالدین صدیقی اور اداکارہ تارا ستاریا کی فلم ان کے چاہنے والوں کو متاثر نہ کر سکی۔

انتیس اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم نے باکس آفس پر تقریباً 35 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔

یہ فلم عید کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی جس کا بجٹ 70 کروڑ بھارتی روپے تھا۔

9۔ تھینک گوڈ

کامیڈٰی ڈرامہ فلم 'تھینک گاڈ' 25 اکتوبر کو دیوالی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔

'تھینک گوڈ' میں اداکار اجے دیوگن، سدھارتھ ملہوترا اور راکل پریت سنگھ نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

فلم کا بجٹ 50 کروڑ سے زائد تھا لیکن اس نے باکس آفس پر صرف 48 کروڑ بھارتی روپے ہی کمائے۔

10۔ جرسی

شاہد کپور کی فلم 'جرسی' ان کی بہترین اداکاری کے باجود باکس آفس پر نمایاں رہنے میں ناکام رہی۔

بائیس اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم نے 27 کروڑ بھارتی روپے ہی کمائے جب کہ اسے بننے میں تقریباً 80 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت آئی تھی۔

اس فلم میں شاہد کپور کے ساتھ اداکارہ مرونل ٹھاکر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG