رسائی کے لنکس

پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر ناکام، ملتان ٹیسٹ میں 26 رنز سے شکست


انگلش ٹیم کی جانب سے مارک وڈ نے چار، اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن نے دو، دو جب کہ جو روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آّؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم کی جانب سے مارک وڈ نے چار، اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن نے دو، دو جب کہ جو روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آّؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

پیر کو میچ کے چوتھے دن کا آغاز ہوا تو پاکستان کو جیت کے لیے محض 157 رنز درکار تھے اور اس کے پاس چھ وکٹیں تھیں لیکن میزبان ٹیم دوسرے سیشن تک 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ایک موقع پر میزبان ٹیم کو جیت یقینی دکھائی دینے لگی تھی لیکن انگلش فاسٹ بالر مارک وڈ نے سعود شکیل اور محمد نواز کی چھٹی وکٹ پر زبردست شراکت ختم کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

انگلش بالنگ اٹیک کے سامنے مزاحمت کرنے والے سعود شکیل سب سے زیادہ 94 رنز بنا سکے جب کہ محمد نواز نے 45 رنز کی شانداز اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ پر 80 رنز کی شراکت قائم کی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے مارک وڈ نے چار، اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن نے دو، دو جب کہ جو روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آّؤٹ کیا۔

پیر کو میچ کے چوتھے دن کا آغاز ہوا تو پاکستان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سعود شکیل 54 اور فہیم اشرف تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کے مجموعی اسکور میں صرف 12 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ فہیم اشرف جو روٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔

چھٹی وکٹ پر سعود شکیل کا ساتھ دینے کے لیے محمد نواز کریز پر موجود ہیں اور دونوں بلے بازوں نے شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ہدف کے قریب لے جانے کی کوشش کی۔

نواز اور سعود کے درمیان 80 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 290 تک پہنچا تو نواز مارک وڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

نواز کے فوری طور بعد سعود شکیل بھی مارک وڈ کی ہی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان ٹیسٹ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 281 اور دوسری میں 275 رنز بنائے تھے۔

پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز ہی بنا سکی تھی جس کی وجہ سے انگلش ٹیم کو میزبان ٹیم پر 79 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG