رسائی کے لنکس

عراق: امریکی سفارت خانے کے قریب تین راکٹ گر کر تباہ


سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گرین زون میں راکٹ ضلع ظفرنیا سے فائر کیے گئے تاہم راکٹ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ (فائل فوٹو)
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گرین زون میں راکٹ ضلع ظفرنیا سے فائر کیے گئے تاہم راکٹ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ (فائل فوٹو)

عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب تین راکٹ گرے تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب بغداد کے گرین زون میں تین راکٹ آکر گرے جس میں سے دو راکٹ امریکی سفارت خانے کے قریب گرے۔

سیکیورٹی ذرائع نے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ گرین زون میں راکٹ ضلع ظفرنیا سے فائر کیے گئے تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

یاد رہے کہ بغداد کے گرین زون میں اہم سرکاری عمارتوں سمیت امریکہ اور دیگر ملکوں کے سفارت خانے ہیں اور اس علاقے کو حساس ترین علاقے کی حیثیت حاصل ہے۔

حالیہ چند روز کے دوران بغداد کے گرین زون میں راکٹ حملوں کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھی امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملے ہوئے تھے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اکتیس دسمبر کو امریکی سفارت خانے پر مشتعل ہجوم کے دھاوے کے بعد واشنگٹن نے سفارت خانے کی سیکیورٹی کے لیے مزید فوجیوں کو وہاں تعینات کیا ہے۔

عراق کی صورت حال

تین جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے کے قریب امریکہ کے ڈرون حملے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی اور کتائب حزب اللہ کے سربراہ مہدی المھندس کی ہلاکت کے بعد عراق میں صورت حال کشیدہ ہے۔

ایران نے امریکی کارروائی کے جواب میں آٹھ جنوری کو امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر ایک درجن سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جس کے نتیجے میں 11 اہلکار زخمی اور تنصیب کو نقصان پہنچا۔

عراق میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی کشیدگی سے مقامی لوگ تشویش میں مبتلا ہیں۔ حکومت کے خلاف منظم احتجاج کرنے والوں نے شکوہ کیا ہے کہ ان کے ملک میں لڑی جانی والی لڑائی کی وجہ سے اُن کی تحریک متاثر ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG