رسائی کے لنکس

یوکرین: مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم،3 مظاہرین ہلاک


اپوزیشن کے قانون ساز کے مطابق اِن افراد کی میتیں پارلیمان کے قریب ہی ایک عمارت کے سامنے پڑی تھیں

یوکرین کے دارالحکومت میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں اب تک تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یوکرین میں اپوزیشن کے ایک قانون ساز نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

یوکرین کے دارالحکومت کیو میں ہونے والے مظاہروں نے پُرتشدد رنگ اختیار کر لیا ہے۔

’واشنگٹن پوسٹ‘ میں شائع ہونے والی ایک خبر بتاتی ہے کہ یوکرین کی وزارت ِخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ان پر تشدد کارروائیوں میں 7 مظاہرین جبکہ 2 سیکورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی اس وقت ہوئی جب مظاہرین یوکرین کے پارلیمان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے۔

اپوزیشن کے قانون ساز کے مطابق اِن افراد کی میتیں پارلیمان کے قریب ہی ایک عمارت کے سامنے پڑی تھیں۔

مظاہرین میں شامل ایک خاتون کا اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بُک پر کہنا تھا کہ، ’ہمارے نو حامیوں کی میتیں اس عمارت میں پڑی ہیں۔ مزید سات افراد تشویشناک حال میں ہیں‘۔

دوسری طرف یوکرین کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک فرد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے اور پولیس کی تفتیشی ٹیم اس حوالے سے اپنے کام کا آغاز کر چکی ہے۔

اگر یوکرین میں احتجاجی مظاہروں میں تین مظاہرین کی ہلاکت کی اطلاع درست ہے تو پھر گذشتہ سال نومبر سے یوکرین میں شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں اب تک مظاہرین کی ہلاکت کی تعداد 9 تک پہنچ چکی ہے۔

یوکرین میں حکومت کے خلاف گذشتہ کئی ماہ سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ یوکرین کے صدر وکٹر یانوکووچ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں۔
XS
SM
MD
LG