امریکہ میں ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر کا پاور بال لاٹری انعام جتینے والے افراد کا تعلق امریکہ کی مغربی ریاست کیلی فورنیا اور جنوب مشرقی ریاستوں ٹینیسی اور فلوریڈا سے ہے۔
کیلی فورنیا کی لاٹری کے ایک ترجمان الیکس ٹرورسو نے بدھ دیر گئے کہا کہ جیتنے والا ٹکٹ لاس اینجلس کے پرتعیش علاقے چنو ہلز میں واقع ایک '11-7' اسٹور سے خریدا گیا تھا جبکہ ٹینیسی اور فلوریڈا میں جیتنے والے ٹکٹ کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہے کہ وہ کہاں سے خریدے گئے تھے۔ انعام جیتنے والوں کے ناموں اور ان کے متعلق دیگر تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہے۔
اس لاٹری میں کسی ٹکٹ کے جتینے کا امکان ایک اندازے کے مطابق 29 کروڑ 22 لاکھ میں سے ایک تھا۔
پاوربال انعام جتینے والے اگر کئی لوگ ہوں تو جیت کی رقم ان میں برابر تقسیم کی جاتی ہے۔ وہ یہ انعام ٹیکس کی کٹوتی کے بعد یکمشت حاصل کر سکتے ہیں یا ان کے پاس یہ اختیار بھی ہے کہ وہ یہ رقم آئندہ 29 سالوں میں سالانہ قسطوں میں وصول کرنے کر سکتے ہیں لیکن اس پر بھی انہیں ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
لاٹری کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ٹکٹ ایک ریکارڈ تعداد میں فروخت ہوئے جس کی وجہ سے جیک پاٹ انعام بھی بڑھ گیا جو مزید ٹکٹوں کی فروخت میں اضافے کا باعث بنا۔
امریکہ کی 50 ریاستوں میں سے زیادہ تر میں لاٹری کی اجازت ہے لیکن چھ ایسی ریا ستیں ہیں جہاں اس کی اجازت نہیں ہے۔ ان ریاستوں کی سرحد پر واقع دوسری ریاستوں میں لوگوں نے بڑی تعداد میں ٹکٹ خریدے جہاں ٹکٹ فروخت کرنے کی اجازت ہے۔
حتیٰ کہ یہ ٹکٹ چین میں بھی بروکروں نے انٹرنیٹ کے ذریعے فروخت کیے جنہوں نے انعام جیتنے کی صورت میں اس میں ایک حصہ وصول کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
انعام جیتنے والا ٹکٹ فروخت کرنے والا اسٹور بدھ کو دیر گئے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا اور نشریاتی اداروں کا عملہ اور کئی لوگ اس کی پارکنگ میں جمع ہو گئے۔ اس اسٹور کو فاتح ٹکٹ فروخت کرنے پر 10 لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا۔