امریکہ کی ریاست کولوراڈو کے جنگلات میں لگی آگ شدت اختیار کرگئی ہے جس کے باعث متاثرہ علاقے میں واقع ڈیڑھ ہزار سے زائد گھروں کے رہائشیوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔
حکام کے مطابق آگ ڈورانگو شہر کے شمال میں لگ بھگ 13 میل کے فاصلے پر واقع ان جنگلات میں لگی ہے جو 'فور کارنر ریجنز' میں آتے ہیں۔
'فور کارنر ریجن' وہ علاقہ ہے جہاں امریکہ کی چار ریاستوں – کولوراڈو، ایریزونا، نیو میکسیکو اور یوٹاہ – کی سرحدیں ملتی ہیں۔
امریکہ کا یہ جنوب مغربی علاقہ انتہائی خشک سالی کا شکار رہتا ہے اور بارشیں نہ ہونے اورسخت گرم موسم کے باعث یہاں کے جنگلات میں اکثر و بیشتر آگ لگتی رہتی ہے۔
خشک سالی کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خطرے کے پیشِ نظر رواں ہفتے ہی حکام نے ایریزونا، کولوراڈو اور نیو میکسیکو کے کئی تفریحی مقامات کو عوام کے لیے بند کردیا تھا اور آگ کو پھیلنے سے روکنے کے انتظامات کیے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرم موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آگ مسلسل پھیل رہی ہے جس کے بعد علاقے کے مزید رہائشیوں کو بھی انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
فائر فائٹنگ سینٹر کے مطابق اس وقت علاقے میں چھ مختلف جگہوں پر آگ بھڑک رہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے 1750 سے زائد اہلکار کام کر رہے ہیں۔
آگ بجھانے کے لیے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جارہی ہے اور صرف ڈورینگو کے علاقے میں لگی آگ بجھانے کی سرگرمیوں پر یکم جون سے اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ ہوچکے ہیں۔
کولاراڈو سے متصل ریاست وایومنگ کے 'میڈیسن بو نیشنل فاریسٹ' میں بھی 17 مربع میل کے علاقے میں آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق اس آگ کے باعث اب تک 10 چھوٹی چھوٹی آبادیوں کے 400 گھروں کو خالی کرایا جاچکا ہے۔