دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد جمعے کو 39 لاکھ تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 23 لاکھ افراد اب بھی بیمار ہیں، جبکہ 13 لاکھ 30 ہزار شفایاب ہوچکے ہیں۔ باقی 2 لاکھ 70 ہزار مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 85 ہزار سے زیادہ نئے مریض اور پانچ ہزار سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔
برطانیہ میں 539، برازیل میں 466، اٹلی میں 274، اسپین میں 213، میکسیکو میں 197، فرانس میں 178، کینیڈا میں 172، جرمنی میں 107 اور بھارت میں 104 مریض دم توڑ گئے۔ مزید سات ملکوں میں پچاس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جن میں سویڈن، پرو، نیدرلینڈز، بیلجیم، ایران، روس اور ترکی شامل ہیں۔
امریکہ میں جمعرات کی شام تک 1900 اموات ہوچکی تھیں جس کے بعد مجموعی تعداد ساڑھے 76 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ ملک میں کرونا وائرس کے 78 لاکھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں 12 لاکھ 87 ہزار مثبت آئے ہیں۔
ٹیکساس امریکہ کی 15ویں ریاست ہے جہاں کرونا وائرس سے ایک ہزار اموات ریکارڈ پر آچکی ہیں۔ نیویارک 26365 ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ نیوجرسی میں 8818، میساچوسیٹس میں 4552 اور مشی گن میں 4343 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں برطانیہ میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 30615 ہے۔ اٹلی میں 29958، اسپین میں 26070، فرانس میں 25987 اور برازیل میں 9054 افراد کی جان جاچکی ہے۔
اسپین میں اب تک 2 لاکھ 56 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اٹلی میں یہ تعداد 2 لاکھ 15 ہزار، برطانیہ میں 2 لاکھ 6 ہزار، روس میں ایک لاکھ 77 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار اور جرمنی میں ایک لاکھ 69 ہزار ہے۔ ترکی، برازیل اور ایران میں بھی ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
اب تک دنیا میں 13 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں امریکہ کے 2 لاکھ 14 ہزار، اسپین کے ایک لاکھ 63 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 39 ہزار اور اٹلی کے 96 ہزار شہری شامل ہیں۔