رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: سابق وزیراعظم کے مواخذے کی منظوری


ینگ لک شیناواترا
ینگ لک شیناواترا

تاحال مقدمہ شروع کرنے کے بارے میں کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن اگر ان پر یہ الزام ثابت ہو جاتے ہیں تو ینگ لک کو دس سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے ملک کی سابق وزیراعظم ینگ لک شیناواترا کے مواخذے کی منظوری دے دی ہے اور ان کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی چلائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انھیں اپنے دور حکومت میں چاولوں کی خریداری کے معاملے پر زراعانت کی ایک اسکیم میں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

مواخذے کے بعد ینگ لک اب ملکی سیاست میں کم ازکم پانچ سال تک حصہ نہیں لے سکیں گے جب کہ اٹارنی جنرل کی طرف سے یہ بیان بھی سامنے آ چکا ہے کہ چاولوں کی اسکیم میں بدعنوانی اور اس سے ہونے والے مالی نقصانات کے الزامات کے تحت سابق وزیراعظم پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

تاحال مقدمہ شروع کرنے کے بارے میں کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن اگر ان پر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ینگ لک کو دس سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم کے مواخذے کے لیے 220 ارکان میں سے 135 کی حمایت درکار تھی جب کہ جمعہ کو ہونے والی رائے شماری میں 190 ارکان نے مواخذے کے حق میں اور 18 نے خلاف ووٹ دیا۔

ینگ لک 2011ء میں اقتدار میں آئی تھیں لیکن گزشتہ سال حزب مخالف کی طرف سے ہونے والے ملک گیر مظاہروں سے پیدا ہونے والے سیاسی بحران کی وجہ سے اقتدار پر ان کی گرفت کمزور ہوتی گئی اوربعد ازاں عدالت عظمیٰ نے انھیں عہدہ چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔

گزشتہ مئی میں فوج اقتدار میں آگئی اور جمعہ کو ینگ لک کا مواخذہ کرنے والی پارلیمان کے اکثریتی ارکان فوجی حکومت کے حمایت یافتہ ہیں۔

مواخذے کے بعد سابق وزیراعظم کی طرف سے کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن ایک روز قبل انھوں نے خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کرنے والے انسداد بدعنوانی کے کمیشن کی شفافیت پر سوال اٹھایا تھا۔

"چاولوں پر سبسڈی (رعایت کی) اسکیم مختلف لوگوں کے گروپ چلا رہے تھے، یہ کابینہ کی قرارداد تھی۔۔۔۔ تو صرف مجھ اکیلی پر ہی کیوں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ صرف میرے ہی خلاف مقدمہ چلایا جانا، یہ خفیہ ایجنڈے اور سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔"

چاولوں کی سبسڈی اسکیم کے تحت کسانوں کو ان کی فصل کی منڈی سے دو گنا رقم فراہم کی گئی اور کہا جاتا ہے کہ اس سے حکومت کو چار ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔

ینگ لک کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد تھائی لینڈ کے کسانوں کو فائدہ پہنچانا اور ملک میں آمدنی کی عدم مساوات کے فرق کو کم کرنا تھا۔

XS
SM
MD
LG