کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف گزشتہ سال سے جاری رینجرز کے آپریشن کے باوجود، ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو بھی نامعلوم افراد نے 6 افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔
مرنے والوں میں مشہور شیعہ دانشور علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک حیدر کاظمی بھی شامل ہیں جو پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے۔
علاوہ ازیں، شہر کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں ایک خاتون بھی ہلاک ہوئیں، جبکہ دو افراد ہلاک اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
ضلع شرقی کراچی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پیر محمد شاہ کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں رہائش پذیر مبارک حیدر کاظمی بدھ کو ہائی کورٹ سے گھر جا رہے تھے کہ رہائش گاہ کے قریب پہلے سے گھات لگائے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے ان کی کار پر فائرنگ کردی۔ وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ انہیں چار گولیاں لگیں۔
فائرنگ کی آواز پر قریب ہی موجود پولیس اہلکار نے ملزمان پر فائرنگ کی جس سے ایک ملزم زخمی ہوگیا۔ لیکن، اس کے باقی ساتھی اسے بچا کر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
نامعلوم افراد کے ہاتھوں فائرنگ کے دیگر واقعات کریم آباد، جہانگیر آباد اور رضویہ سوسائٹی میں پیش آئے۔
کریم آباد میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور دو بچے زخمی ہوئے۔
جہانگیر آباد میں کیش لے جانے والی وین کو لوٹنے کی کوشش میں ملزمان کی فائرنگ سے دو سیکورٹی گارڈز ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔