رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ: بھارت نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا


جیت کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نیمیبیا کے کپتان گیہارڈ اراسمس سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔
جیت کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نیمیبیا کے کپتان گیہارڈ اراسمس سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر12 مرحلے کے آخری میچ میں بھارت کی کرکٹ ٹیم نے نیمیبیا کو باآسانی نو وکٹوں سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔

بھارت نے دبئی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں 133 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کر لیا۔ دونوں اوپنرز نے نیمیبیا کی نا تجربہ کار باولنگ لائن اپ کے سامنے کھل کر بلے بازی کی۔ جارحانہ بلے بازی میں معروف روہت شرما نے 37 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ ان کی اننگ میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ دوسری جانب کے ایل راہول نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہر کیا اور ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری ففٹی اسکور کی۔ انہوں نے 36 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ سوریا کمار یادیو نے 25 رنز کی اننگ کھیلی۔

واحد وکٹ جین فرائی لنک کے حصے میں آئی جن کی گیند پر روہت شرما وکٹ کیپر گرین کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

قبل ازیں نیمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اورووں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔ پہلے چار اووروں میں نیمیبیا کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز سے کھیلنے کی کوشش کی اور 33 رنز بنائے لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور کوئی بڑی شراکت داری قائم نہ ہو سکی۔

ڈیوڈ ویسا 26 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ اوپنر سٹیفن بارڈ نے اکیس رنز بنائے۔ تیسرا سب سے بڑا سکور ایکسٹراز کا تھا۔ اس کھاتے میں نیمیبیا کو سترہ رنز ملے۔

بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے سولہ رنز اور روی چندن ایشون نے بیس رنز دے کر تین تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جسپریت بمرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں ہار جیت دونوں ٹیموں کے ورلڈ کپ میں آگے بڑھنے کے امکانات کے حوالے سے بے معنی رہی، کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی ہیں۔ بھارت کو سپر 12 مرحلے میں اپنے پہلے ہی میچ میں روایتی حریف پاکستان کی ٹیم سے دس وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پھر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھی ٹیم انڈیا بڑے مارجن سے ہار گئی تھی۔

گروپ ون سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ گروپ ٹو سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔ پاکستان کی ٹیم واحد ٹیم ہے جس کو ابھی تک اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی میچ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ باقی تمام تینوں سیمی فائنلسٹس کو ایک ایک میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان دس نومبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جا رہا ہے، جب کہ پاکستان اور آسٹریلیا دوسرے سیمی فائنل میں گیارہ نومبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔

  • 16x9 Image

    اسد حسن

    اسد حسن دو دہائیوں سے ریڈیو براڈ کاسٹنگ اور صحافتی شعبے سے منسلک ہیں۔ وہ وی او اے اردو کے لئے واشنگٹن ڈی سی میں ڈیجیٹل کانٹینٹ ایڈیٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG