رسائی کے لنکس

شام کی صورتِ حال پر غور کے لیے عرب لیگ کا اجلاس


شام کی صورتِ حال پر غور کے لیے عرب لیگ کا اجلاس
شام کی صورتِ حال پر غور کے لیے عرب لیگ کا اجلاس

شام میں حزبِ مخالف سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کے خلاف جاری صدر بشار الاسد کی حکومت کی کاروائیوں پر غور کے لیے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جمعرات کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہورہا ہے۔

عرب لیگ کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران شام پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے اور شامی حکومت کے عہدیداران پر سفری پابندیوں کے نفاذ پر بھی غور کیا جائے گا۔

تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اپنے فرانسیسی ہم منصب ایلن جوپ کی پیش کردہ اس تجویز پر بھی غور کریں گے جس میں انہوں نے عام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری کو شام میں 'انسانی راہداری' قائم کرنے اور بین الاقوامی مبصرین بھجوانے کا کہا ہے۔

جمعرات کو دیے گئے اپنے بیان میں فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ وہ اس تجویز کے لیے عرب لیگ کی حمایت کے حاصل کرنے ساتھ ساتھ اس پر امریکہ اور اقوامِ متحدہ میں موجود دیگر اتحادیوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

یاد رہے کہ عرب لیگ کے تجویز کردہ امن معاہدے کے تحت پرتشدد کاروائیوں کے خاتمے اور سرکاری افواج کا شہروں سے انخلا کا وعدہ پورا کرنے میں صدر بشار الاسد کی حکومت کی ناکامی کے بعد تنظیم نے دو ہفتے قبل شام کی رکنیت معطل کردی تھی۔

اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں مارچ سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ لیکن شامی حکومت بیشتر ہلاکتوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروہوں اور مذہبی انتہا پسندوں پر عائد کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG