رسائی کے لنکس

شام جلدازجلد اصلاحات نافذ کرے: چین


شام جلدازجلد اصلاحات نافذ کرے: چین
شام جلدازجلد اصلاحات نافذ کرے: چین

چین نے شام پر زور دیا ہے کہ وہ ان اصلاحات پر عمل درآمد میں تیزی لائے جس کا اس نے وعدہ کیا تھا۔ اپنے اس مطالبے سے ایک ہفتہ قبل چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کے ساتھ مل کر اس قرارد داد کے خلاف ویٹو کیا تھا، جس میں مظاہروں میں شریک لوگوں کے خلاف حکومتی پکڑدھکڑ کی مذمت کی گئی تھی۔

منگل کے روز چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیو وی من کی جانب سے یہ بیان ، پچھلے ہفتے روس کے صدر دیمتری میدویدیف کے اس مطالبے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے شام کے صدر بشارالاسد سے کہاتھا کہ وہ اصلاحات نافذ کریں یاپھر اپنا عہدہ چھوڑ دیں۔

دونوں ممالک نے فرانس، برطانیہ، جرمنی اور پرتگال کی تیار کردہ قرارد داد کے خلاف ویٹو کیاتھاجس پر امریکہ اور یورپی ممالک کی جانب سے ان پر نکتہ چینی کی گئی تھی۔

ان دونوں ممالک کا ذکر کیے بغیر امریکہ کی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا تھا کہ روس اور چین کو شام کے عوام پر اپنے ویٹو کی وضاحت کرنا ہوگی۔

ایک اور خبر کے مطابق شام کے ایک مقتدر سنی راہنما نے پیر کے روز مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی مداخلت سے باز رہیں ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے ملک پر حملہ ہوا تو اس کا جواب امریکہ اوریورپ میں خودکش بم دھماکوں کے ذریعے دیا جائے گا۔

مفتی اعظم احمد بدرالدین حسون نے اپنی ایک تقریر میں امریکہ اور یورپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تم نے شام اور لبنان پر بم برسائے تو ہم ان لوگوں کو خودکش حملوں کے لیے تیار کریں گے جو تمہارے ملکوں میں پہلے سے موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG