رسائی کے لنکس

سوات: صحافی پر فائرنگ، محافظ پولیس اہلکار ہلاک


Swat, Pakistan
Swat, Pakistan

خیبر پختونخوا کے شمالی ضلع سوات کے علاقے کبل کے گاؤں کانجو میں بدھ کی شام نامعلوم افراد نے سینئر صحافی، شیرین زادہ کے ساتھ ان کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیا۔

واقعے میں صحافی شیرین زادہ محفوظ رہے۔

پولیس حکام اور شیرین زادہ کے مطابق، اہلکار عمران دفتر کے سامنے ڈیوٹی پر موجود تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔

تاہم، اسپتال منتقل کرتے وقت اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس دوران صحافی شیرین زادہ دفتر ہی میں موجود تھے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے شدید زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا۔

پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ تاہم، رپورٹ درج کرلی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لئے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سوات میں اس سے قبل بھی سیاسی و سماجی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گھات لگا کر صحافیوں کے قتل کے واقعات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔

پچھلے ماہ فروری میں سوات کی تحصیل مٹہ میں ایک مقامی صحافی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

سوات سمیت ملک بھر میں پچھلی دو دہائیوں کے دوران تشدد اور دہشت گردی کے واقعات میں 100 سے زیادہ صحافی ہلاک ہو چکے ہیں، مگر قتل میں ملوث ملزمان گرفتار نہیں ہوئے۔

XS
SM
MD
LG