رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں جھڑپ: سات مبینہ دہشت گرد، دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان سے ملحقہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور مبینہ دہشت گردوں کے درمیان جمعے کو ہونے والی جھڑپ میں سات عسکریت پسند اور دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میر علی کے علاقے ذاکر خیل میں مخبروں کی اطلاع پر شدت پسندوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی۔

بیان کے مطابق عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور مزاحمت کی گئی جس سے دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے سات مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے اس علاقے میں ذرائع ابلاغ کی رسائی حاصل نہ ہونے کے سبب حکام کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب جمعے کو میر علی کے نزدیک عیدک نامی گاؤں میں دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کا ایک دھماکہ بھی ہوا ہے۔ دھماکے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

XS
SM
MD
LG