رسائی کے لنکس

'سوشانت اپنی مینیجر کی خود کشی کو خود سے جوڑے جانے پر دباؤ میں تھے'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات تاحال جاری ہیں اور پولیس نے اُن کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور اُن کے موبائل فون کی سرچ ہسٹری حاصل کرنے کے بعد نئے انکشافات کیے ہیں۔

ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے پیر کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سوشانت اپنی سابق مینیجر دیشا سالیان کی اچانک خود کشی اور اس خود کشی کے معاملے میں اپنا نام آنے کے باعث شدید تناؤ کا شکار تھے۔

سوشانت نے 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی تھی۔ سوشانت کی موت سے محض پانچ روز قبل ہی اُن کی سابق مینیجر نے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔

ممبئی پولیس کمشنر نے بتایا کہ سوشانت دیشا سالین کی خودکشی کے بعد گوگل پر صرف یہی سرچ کرتے رہے تھے کہ دیشا سے متعلق لکھے جانے والے آرٹیکلز میں کہیں اُن کا نام تو نہیں۔

اُن کے بقول سوشانت کی سرچ ہسٹری سے معلوم ہوا ہے کہ وہ دیشا کی موت کے بعد نفسیاتی بیماریوں اور غیر تکلیف دہ موت کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے۔

ممبئی پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ اپنی موت سے قبل سوشانت دو گھنٹے تک گوگل پر اپنا نام تلاش کرتے رہے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ممبئی پولیس کمشنر نے کہا کہ سوشانت نے اپنے وکیل کو ایک پیغام بھی بھیجا تھا جس میں انہوں نے وکیل سے دریافت کیا تھا کہ دیشا کی خودکشی کے کیس میں اُن کا نام کیوں لیا جا رہا ہے؟

سوشانت کی موت کے سلسلے میں ان کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کا نام بھی آتا رہا ہے جب کہ اداکار کے والد نے بھی پولیس کو ریا کو شاملِ تفتیش کرنے کی درخواست دی ہے۔

ریا چکروتی ممبئی کے فلیٹ میں سوشانت کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھیں۔ ممبئی پولیس کمشنر نے ریا چکروتی سے متعلق بتایا کہ ریا نے سوشانت کی موت سے چھ روز قبل اُنہیں چھوڑ دیا تھا کیوں کہ وہ خود بھی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار تھیں۔ ان کے بقول ریا کی ذہنی حالت بھی نارمل نہیں ہے۔

پولیس کمشنر کے مطابق ریا کے سوشانت کے اہلِ خانہ کے ساتھ کچھ تنازعات چلے آ رہے تھے۔ پولیس نے سوشانت کی خود کشی کی تحقیقات کے سلسلے میں ریا کا دو مرتبہ بیان قلم بند کیا ہے۔

ممبئی پولیس کمشنر نے بتایا کہ انہوں نے سوشانت کے اہلِ خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی بھی بیان دینے کے لیے دستیاب نہیں ہے۔

پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ سوشانت کے جنوری 2019 سے جون 2020 تک کی تمام بینک اسٹیٹ منٹس کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ ان کے اکاؤنٹ میں تقریباً ساڑھے 14 کروڑ روپے موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG