رسائی کے لنکس

بالاکوٹ حملے کے بعد بھارت میں مودی کی مقبولیت میں اضافہ


بھارت میں اس سال اپریل اور مئی کے مہینوں میں عام انتخابات ہونے ہیں۔
بھارت میں اس سال اپریل اور مئی کے مہینوں میں عام انتخابات ہونے ہیں۔

پاکستان میں بھارتی فضائی حملے اور اس میں سینکڑوں دہشت گردوں کی ہلاکت کے حکومتی دعوے کے بعد ہزاروں بھارتی شہری دہلی کی سڑکوں پر جشن منانے لگے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس ردعمل کو الیکشن سے چند مہینے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی عوامی حمایت میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس دفعہ کے انتخابات پر دیش بھگتی کے جذبات چھائے رہیں گے نہ کہ مودی کے دور حکومت میں کسانوں کی کم آمدنی اور ملازمتوں کے حصول میں مشکلات کے مسائل۔

اگرچہ منگل کو الصبح ہونے والے اس حملے کے نتائج کے متعلق مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں مگر بھارتی عوام کی اکثریت اپنی حکومت کے دعووں کو قبول کر رہی ہے۔

رائیٹرز نے جموں کے ایک ڈرائیور سندیپ سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مودی جی نے آخر کار کر ہی دکھایا۔‘ سندیپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہاں لوگوں کو پاکستان پر بہت غصہ تھا۔‘

کانگریس کے سربراہ، راہول گاندھی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں انڈین ائیر فورس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔‘

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ منگل کی یہ فضائی کارروائی نہ صرف وزیرِ اعظم نرندر مودی کو مئی کے انتخابات میں مدد دے گی بلکہ انتخابات سے پہلے ملک کے معاشی مسائل پر سے توجہ ہٹائے گی جس پر بی جے پی کو تنقید کا سامنا ہے۔

سی ایس ڈی ایس نامی ایک تھنک ٹینک کے سنجے کمار، جن کی آئندہ انتخابات پر گہری نظر ہے، کہتے ہیں کہ ’’میرا خیال ہے کہ یہ کارروائی بی جے بی کی انتخابی مہم کے لئے بہت مددگار ثابت ہو گی، کیوں کہ لوگ جشن کے موڈ میں ہیں۔ اور ان کا خیال ہے کہ حکومت پاکستان کو سبق سکھانے میں کامیاب رہی ہے۔‘

انڈیا ٹوڈے کے پولز کے مطابق اگرچہ مودی کی ریٹنگ بہت گر چکی ہے مگر اب بھی پورے بھارت میں مودی ہی سب سے جانے پہچانے لیڈر ہیں۔

بھارت کی ایک بڑی پولنگ کمپنی سی این ایکس کے بانی بھویش جھا کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے بہت سے ایسے حامی جو اس سے پہلے کنفیوزن میں تھے، اب وہ بہتر محسوس کریں گے۔ اور ’وہ سب نریندر مودی کی جیت کے لئے محنت کریں گے۔ چونکہ یہ کارروائی الیکشن کے قریب ہوئی ہے، اس لیے انتخابی مہم کے دوران پلوامہ کا مسئلہ بہت اہم ہو گا۔‘

جیسے ہی حملے کی خبریں آنی شروع ہوئیں، بھارتی چینل حب الوطنی کے ترانوں اور نعروں سے بھر گئے۔ ٹائمز ناؤ کی ہیڈلائن یہ تھی، ’ناقابل تسخیر بھارت کے لئے یہ قابل فخر موقع ہے‘۔

دوبہر کے وقت جب بھارتی وزارت خارجہ نے ان حملوں کی تفصیلات فراہم کیں اور وزیراعظم نریندر مودی نے راجھستان میں ایک الیکشن ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اسٹیج کو پلوامہ میں ہلاک ہونے والے اہل کاروں کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر میں کہا، ’میں آپ کو تسلی دیتا ہوں کہ بھارت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔‘ اس پر ہجوم نے 'مودی، مودی، مودی' کے نعرے لگائے۔

XS
SM
MD
LG