'گیم آف تھرونز' ایسی ٹی وی سیریز ہے جس نے مقبولیت کے ایسے ریکارڈ قائم کیے ہیں جنہیں توڑنا آسان نہیں ہو گا۔
'گیم آف تھرونز' کے کردار،کہانی ،سیٹ، ہر شخص ان کے سحر میں مبتلا ہے۔ 'گیم آف تھرونز' کے نئے سیزن کے ختم ہونے کے بعد بھی اس کے چرچے جاری تھے کہ ایک اور خبر سامنے آ گئی۔
'گیم آف تھرونز' کے دلوں پر راج کرنے والے جون سنو یعنی حقیقی زندگی کے اداکار کٹ ہیرنگٹن زیرعلاج ہیں۔ رائٹر، ڈیلی میل اور دیگر برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ کٹ ہیرنگٹن نے کام کا دباؤ کچھ زیادہ ہی لے لیا اور اب 'گیم آف تھرونز' ختم ہونے کے بعد انہیں ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کا رخ کرنا پڑا۔
کٹ ہیرنگٹن کے نمائندے کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شیڈول میں وقفے کو کٹ نے خود پر توجہ دینے اور ذاتی معاملات دیکھنے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کٹ کی بیماری کے متعلق تو کچھ نہیں بتایا گیا لیکن امریکی اخبار 'دی نیویارک پوسٹ' کے ایک کالم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کٹ ہیرنگٹن 'گیم آف تھرونز' کے ختم ہونے سے کئی ہفتے قبل امریکہ کے ایک کلینک میں علاج کی غرض سے داخل ہوئے تھے۔ کٹ شدید دباؤ، تھکاوٹ اور شراب نوشی کی کثرت کا شکار تھے۔
کٹ ہیرنگٹن نے 2018 میں 'گیم آگ تھرونز' میں اپنی ساتھی اداکارہ روز لیزلی سے شادی کی تھی۔
رواں سال مارچ میں امریکی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ 'ورائٹی' کو انٹرویو میں کٹ ہیرنگٹن نے اعتراف کیا تھا کہ 'گیم آف تھرونز' کے ذریعے ملنے والی ناقابل یقین شہرت اور توجہ کو سنبھالنا مشکل ہے۔ یہ خوفزدہ کرنے جیسا معاملہ ہے۔ میں خود کو خوش قسمت لیکن غیر محفوظ سمجھتا ہوں۔