رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کو ایک اور دھچکا، فاسٹ بالر مچل اسٹارک چیمپئنز ٹرافی سے آؤٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • مچل اسٹارک ذاتی وجوہات کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے، کرکٹ آسٹریلیا
  • پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ انجری کی وجہ سے پہلے ہی اسکواڈ سے الگ ہو گئے تھے۔
  • مچل اسٹارک آسٹریلوی فاسٹ بالر اٹیک کے تین میں سے وہ واحد بالر تھے جنہوں نے حال ہی میں بھارت اور سری لنکا کے خلاف تمام سات ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔
  • مچل اسٹارک کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، سربراہ سلیکشن کمیٹی
  • مچل اسٹارک، جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں آسٹریلوی فاسٹ بالنگ لائن میں نوجوان پیسر اسپینسر جانسن، نیتھن ایلس، سین ایبٹ اور بین ڈارشوس کو شامل کیا گیا ہے۔

ویب ڈیسک _ آسٹریلیا کے فاسٹ بالر مچل اسٹارک چیمپئنز ٹرافی سے دست بردار ہو گئے ہیں جب کہ کرکٹ آسٹریلیا نے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ مچل اسٹارک ذاتی وجوہات کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔

آسٹریلیا کے دو فاسٹ بالر کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ انجری کی وجہ سے پہلے ہی اسکواڈ سے الگ ہو گئے تھے اور اب مچل اسٹارک کی صورت میں آسٹریلوی بالنگ اٹیک کو یہ تیسرا بڑا دھچکا ہے۔

مچل اسٹارک آسٹریلوی فاسٹ بالر اٹیک کے تین میں سے وہ واحد بالر تھے جنہوں نے حال ہی میں بھارت اور سری لنکا کے خلاف تمام سات ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مچل اسٹارک ذاتی وجوہات کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل رہے اور انہوں نے پرائیویسی کو ملحوظِ خاطر رکھنے کا کہا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی کا کہنا ہے کہ وہ مچل اسٹارک کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے لیے عالمی سطح پر کئی اہم پرفارمنسز دی ہیں۔

مچل اسٹارک، جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں آسٹریلوی فاسٹ بالنگ لائن میں نوجوان پیسر اسپینسر جانسن، نیتھن ایلس، سین ایبٹ اور بین ڈارشوس کو شامل کیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت اسٹیو اسمتھ کریں گے جب کہ 15 رکنی اسکواڈ میں سین ایبٹ، الیکس کیری، مارنس لبوشین، ٹریوس ہیڈ، نیتھن ایلس، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، بین ڈارشوس، جیک فراسر، ایرون ہارڈی، جوش انگلس، اسپینسر جانسن، تنویر سانگا اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔

پاکستان کی میزبانی میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز 19 فروری سے ہو گا۔ آسٹریلوی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گی۔

آسٹریلیا کا دوسرا میچ 25 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی میں شیڈول ہے جب کہ تیسرا گروپ میچ 28 فروری کو افغانستان کے خلاف لاہور میں کھیلا جائے گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG