رسائی کے لنکس

سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آٹھ سال بعد پاکستان آمد


پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آخری میچ اتوار کو لاہور میں منعقد ہو رہا ہے جس کے لیے دونوں ٹیمیں دبئی اور ابو ظہبی سے لاہور پہنچ گئی ہیں۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میئر لاہور مبشر جاوید، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے ان کا استقبال کیا۔

فضائی اڈے پر دونوں ٹیموں کی حفاظت کے لیے پولیس، فوج اور پنجاب رینجرز کی جانب سے خاصے کڑے انتظامات کیے گئے تھے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ائیرپورٹ کے حج لاؤنج سے گاڑیوں میں بٹھا کر سخت سیکورٹی کے حصار میں لاہور کے مال روڈ پر واقع ہوٹل میں پہنچایا گیا۔

اس دوران مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا اور ہائی وولٹیج کی اضافی لائیٹس لگائی گئیں تھی جس کے باعث رات کے وقت بھی مال روڈ دن کا سماں پیش کر رہا تھا۔ دونوں ٹیموں کو صدر مملکت کے برابر سیکورٹی دی گئی ہے۔

پاکستان پہنچنے پر سری لنکن ٹیم کے کپتان تھیسارا پریرا نے کہا کہ وہ پاکستان آ کر بہت خوش ہیں اور یہاں ان کا بہت اچھا استقبال کیا گیا ہے۔

"آج پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔"

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آج کا دن بہت تاریخی ہے کیونکہ آج صحیح معنوں میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔

"ہم فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے، آج شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، ہوم گراونڈ میں کھیلنے کا الگ مزہ ہے۔"

بھارٹی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، سری لنکن وزیر کھیل، سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ ، آئی سی سی اور اینٹی کرپشن یونٹ کے نمائندوں سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی میچ دیکھنےکے لئے لاہور پہنچ چکے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کا تیسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام چھ بجے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم پہلے ہی دو ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔

آٹھ سال قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں سلامتی کے خدشات کے باعث کھیلنے سے گریزاں رہی ہیں۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتی عہدیداران یہ کہہ چکے ہیں کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہتر ہے اور پاکستان کھیلوں کے مقابلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔

XS
SM
MD
LG