رسائی کے لنکس

گال ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کی 4 وکٹیں، سری لنکا پہلی اننگز میں 222 رنز پر آؤٹ


سری لنکا کی پہلی اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔
سری لنکا کی پہلی اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔

گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں میزبان سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف 222 رنز کر آؤٹ ہو گئی ہے۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ البتہ ابتدا میں اس کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور پاکستان کے بالرز کے سامنےسری لنکن بیٹرز کریز پر ٹھہر نہ سکے۔

سری لنکا کو پہلا نقصان تیسرے اوور میں اس وقت ہوا جب شاہین شاہ آفریدی نے کپتان دیموتھ کرونارتنے کو 11 کے مجموعی اسکور پر بولڈ کر دیا۔

میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ 15 ویں اوور میں 60 کے مجموعی اسکور پر گری۔ کوسال مینڈس کی وکٹ یاسر شاہ نے لی۔ انہوں نے اسکور میں21 رنز کا اضافہ کیا ۔

اگلے ہی اوور میں اوپنر آنے والے اوشاڈا فرنینڈس کو حسن علی نے پویلین واپس بھیج دیا۔ اوشاڈا 49 گیندوں پر 35 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ 68 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینجلومیتھیوز تھے جو بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر نعیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دہاننجیا ڈی سلوا 99 کے مجموعی اسکو پر پویلین لوٹنے والے پانچوں کھلاڑی تھے۔ انہیں30 ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔ وہ دو چوکوں کی مدد سے مجموعی اسکور میں 14 رنز کا اضافہ کر سکے تھے۔

میزبان ٹیم کو چھٹا نقصان چار رنز بنانے والے نیروشن ڈیکویلا کی صورت میں ہوا وہ بھی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اننگر کے 43ویں اوور میں 130 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی ساتویں وکٹ بھی گر گئی جب رمیش مینڈس نعیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

پرتاب جیسوریا 133 رنز پر پویلین جانے والے آٹھویں کھلاڑی تھے۔ محمد نواز نے ان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا ، وہ صرف تین رنز بنا سکے۔

میزبان ٹیم کو نواں نقصان 177 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب سری لنکا کے سب سے سیٹ بلے باز دنیش چندی مل 115 گیندوں پر 76 رنز بنا کر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔ وہ میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔

سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مہیش تھیکشانا تھے، جنہوں نے 38 رنز بنائے اور وہ میزبان ٹیم کی جانب سے دوسرا بڑا انفرادی اسکور کرنے والے کھلاڑی رہے۔ ان کو بھی شاہین شاہ آفریدی نےآؤٹ کیا۔

یوں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں66.1 اوورز میں 222 رنز بنا سکی ہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 58 رنز کے عوض 4، حسن علی نے 23 رنز کے عوض 2 اوریاسر شاہ نے 66 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور اسد شفیق نے اننگز کا آغاز کیا ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سلمان علی آغا کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 24 سے 28 جولائی تک کھیلا جائے گا۔

دوسرے ٹیسٹ کا مقام تبدیل ہونے کا امکان

پاکستان کی کرکٹ ٹیم سری لنکا کا دورہ ایک ایسے وقت پر کر رہی ہے جب میزبان ملک میں سیاسی حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔

سری لنکا کی تازہ صورتِ حال کے مطابق صدر گوتابایاراجاپکسے نے ملک سے فرار ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے جب کہ وزیرِاعظم رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے عارضی صدر بن گئے ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کی پارلیمان میں نئے صدر کے انتخاب کی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ صدر کے مستعفی ہونے سے قبل دارالحکومت کولمبو میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے سرکاری عمارات پر قبضہ کر لیا تھا۔

دارالحکومت کولمبو میں ہونے والی ان سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز دوسرے ٹیسٹ میچ کے مقام کی تبدیلی پر بھی غور کر رہے ہیں۔

دونوں ٹیموں میں دوسرا ٹیسٹ میچ دارالحکومت کولمبو میں آئندہ اتوار سے ہونا ہے۔ البتہ اب یہ رپورٹس سامنے آ رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر دوسرا ٹیسٹ میچ بھی گال میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG