رسائی کے لنکس

سری لنکن فاسٹ بالر مدھوشنکا منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار


مدھوشنکا نے جنوری 2018 میں ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔ (فائل فوٹو)
مدھوشنکا نے جنوری 2018 میں ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔ (فائل فوٹو)

سری لنکا کے فاسٹ بالر شیہان مدھوشنکا کو مبینہ طور پر منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے بعد اُنہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

سری لنکن پولیس نے منگل کو مدھوشنکا کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے دو اعشاریہ سات گرام ہیروئن برآمد کی تھی جس کے بعد وہ دو جون تک پولیس ریمانڈ پر ہیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مدھوشنکا کو ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے سے روک دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک وہ معطل رہیں گے۔

یاد رہے کہ 25 سالہ فاسٹ بولر مدھوشنکا نے جنوری 2018 میں ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کا کہنا ہے کہ اس نے مدھوشنکا کے نمائندوں سے رابطے کی کوشش کی ہے تاہم انہوں نے اس خبر پر کسی بھی قسم کا کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق مدھوشنکا نے کرونا وائرس کے سبب نافذ کیے گئے کرفیو کے دوران کار چلانے کی کوشش کی تھی۔ کرفیو کی خلاف ورزی پر پولیس نے اُنہیں روکا تو تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ہیروئن برآمد ہوئی۔

کرکٹ میں بدعنوانی اور ممنوع ادویات اور منشیات رکھنے یا انہیں استعمال کرنے کے ماضی میں متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG