رسائی کے لنکس

چوتھا ون ڈے: سری لنکا کو شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 257 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے 41 ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں میزبان سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-3 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 257 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے 41 ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات اوپنر احمد شہزاد کی شاندار بیٹنگ تھی جو 90 گیندوں پر 95 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ اظہر علی نے 33 رنز بنائے۔ شعیب ملک 29 اور سرفراز احمد 17 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔

سری لنکا کے ابتدائی بلے باز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور ابتدائی اوور کی دوسری گیند پر پریرا بغیر کوئی اسکور بنائے عرفان کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دلشان اور تھری مان نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز کا اضافہ کیا۔ دلشان 50 رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

تھری مان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔ وہ 90 رن بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تھری مان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان میتھیوز سمیت کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی باؤلروں کا جم کر سامنا نہ کر سکا اور سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 256 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی طرف سے عرفان نے تین، انور علی نے دو جب کہ یاسر شاہ، راحت علی اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دوران تماشائیوں کی ہلڑ بازی کے باعث انتظامیہ کو میچ 30 منٹ تک روکنا پڑا تھا۔

اس واقعے کے پیش نظر چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جس کے باعث میچ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

سیریز میں فتح کے بعد پاکستان کے2017ء میں برطانیہ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پانچ روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ 26 جولائی کو ہمبونتوٹا میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹی20 میچ کھیلیں گے۔

XS
SM
MD
LG