رسائی کے لنکس

کرونا وائرس بمقابلہ ریسٹ آف دا ورلڈ


کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سپین کے شہر بلباؤ میں فٹ بال مقابلوں کا اسٹیڈیم خالی پڑا ہے۔
کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سپین کے شہر بلباؤ میں فٹ بال مقابلوں کا اسٹیڈیم خالی پڑا ہے۔

پوری دنیا میں کرونا وائرس کی وجہ سے تقریبات ملتوی یا منسوخ کی جا رہی ہیں اور کھیلوں کے مقابلوں کو کوئی استثنا نہیں۔ بلکہ اسپورٹس ایونٹس زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ جمعرات کو فٹ بال، ٹینس اور باسکٹ بال کے مہنگی ترین مقابلے ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

پیشہ ور ٹینس کھلاڑیوں کی تنظیم اے ٹی پی ٹور نے وائرس کی وجہ سے چھ ہفتوں کے لیے یعنی 27 اپریل تک تمام مقابلے ملتوی کیے ہیں۔ خواتین ٹینس کی تنظیم ڈبلیو ٹی اے نے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، لیکن امکان ہے کہ اس کی جانب سے بھی ایسا ہی فیصلہ سامنے آئے گا۔ ٹینس کا اگلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن مئی کے آخر میں ہونا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس سے پہلے صورت حال ٹھیک ہو جائے گی۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے قطر میں ورلڈکپ کے ایشین کوالیفائر میچوں کو ملتوی کر دیا ہے جب کہ فٹبال کی مہنگی ترین لیگ اسپین کی لا لیگا کے مقابلے روک دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ ریال میڈرڈ کے ایک کھلاڑی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا۔ ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ اور یورپ کی دوسری لیگوں کے مقابلے بھی ملتوی کیے جا رہے ہیں۔

امریکہ میں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن یعنی این بی اے نے بدھ کو اپنا سیزن ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اس کا آخری میچ اوٹاہ جاز اور اوکلاہاما سٹی تھنڈرز کے درمیان کھیلا گیا، لیکن جاز کے ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے پر سراسیمگی پھیل گئی تھی۔ انٹرنیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے بھی کل سے تمام ایونٹس روک دیے ہیں۔

یورپی گالف کے منتظمین نے 19 مارچ سے شروع ہونے والی ہیرو انڈین اوپن کے علاوہ اگست تک تین دوسرے مقابلے بھی منسوخ کر دیے ہیں۔

موٹر ریسنگ کی دنیا میں سیزن کی پہلی گراں پری آسٹریلین اوپن 15 مارچ کو منعقد ہو گی۔ لیکن ٹیم میکلارن اپنے ایک کھلاڑی کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے ایونٹ سے دستبردار ہو گئی ہے۔ فارمولا ون نے کہا ہے کہ بحرین کا ایونٹ تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا جائے گا جب کہ چینی گراں پری کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

رگبی کے مردوں اور خواتین کے سکس نیشن ٹورنامنٹس کے علاوہ ورلڈ رگبی سیون سیریز کے ہانگ کانگ اور سنگاپور میں منعقدہ ایونٹس کو ملتوی کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل جمناسٹک فیڈریشن نے ورلڈکپ کے تین مقابلے جون تک ملتوی کر دیے ہیں۔

کرکٹ کے معمولات ابھی تک کرونا وائرس کی وجہ سے متاثر نظر نہیں آ رہے بلکہ پاکستان سپر لیگ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ لیکن آئی پی ایل خطرے میں ہے کیونکہ بھارتی حکومت نے ایک ماہ کے لیے ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔

ارجنٹینا کی حکومت نے مارچ کے دوران ملک میں ہونے والے کھیلوں کے تمام مقابلوں کو ملتوی کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے جنوبی امریکہ تیراکی چیمپین شپ، عالمی تلوار بازی کے ایونٹس، اولمپک باکسنگ کوالیفائرز اور ایتھلیٹکس کے مقابلے متاثر ہوں گے۔ اس سے پہلے اٹلی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں تمام اسپورٹس ایونٹس کو اپریل تک ملتوی کر دیا تھا۔

عالمی وبا کی وجہ سے کسی بھی سال تقریبات منسوخ ہو سکتی ہیں لیکن لیپ ایئر میں وبا پھیلنے کا مطلب ہے کہ اولمپک گیمز کا انعقاد خطرے میں ہے۔ چند ہفتے پہلے تک اس امکان کو مسترد کیا جا رہا تھا لیکن اب اولمپک کمیٹی اور جاپانی منتظمین اس بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG