مشہور زمانہ 'اسپائڈر مین' سیریز کی نئی فلم ریلیز ہو گئی لیکن اس مرتبہ اسپائڈر مین' کی نئی فلم میں کچھ مختلف اور کچھ ہٹ کر ہے۔
ماروول سینماٹک یونیورس (ایم سی یو) کی فلم 'Spider Man Far From Home' میں پہلی بار ایک مسلمان حجابی لڑکی کا کردار بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہے۔
یہ کردار پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ زوہا رحمٰن نے ادا کیا ہے جو فلم میں پیڑ پارکر یعنی اسپائڈر مین کی کلاس میٹ ہے اور یورپ کے فیلڈ ٹرپ میں اس کے ساتھ ہوتی ہے۔
زوہا رحمان اس کردار کو مسلمانوں کی نمائندگی کی جانب بڑا قدم سمجھتی ہیں۔ امریکی جریدے فوربز سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کردار میرے لئے بہت اہم تھا۔ میں ایسی بہت سی لڑکیوں کی نمائندگی کر رہی تھی جنہیں میں ذاتی طور پر جانتی اور سراہتی ہوں۔
شروع میں انہیں فلم کی ٹیم کی طرف سے حجاب کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا لیکن بعد میں پروڈکشن ٹیم نے ایک دن رابطہ کر کے ان سے پوچھا کہ کیا وہ کردار کے لئے حجاب پہن لیں گی۔
زوہا نے جھٹ سے اپنی والدہ کا اسکارف پہن کر تصاویر بنائیں اور پروڈکشن ٹیم کو بھیج دیں۔
'اسپائڈر مین فار فرام ہوم' میں مرکزی کردار تو وہی ہیں لیکن چند نئے چہرے بھی شامل کئے گئے جن میں زوہا رحمان بھی شامل ہیں۔ فلم 2 جولائی کو ریلیز ہوئی ہے۔