رسائی کے لنکس

جان بینر کی پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں


جان بینر کی پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں
جان بینر کی پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں

امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بینر کی قیادت میں چھ رکنی کانگریس کے وفد نے پیر کے روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر اہم سیاسی و عسکری رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں کے بعد ایوان نمائندگان کے اسپیکر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق جان بینر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مضبوط تعلقات دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہیں اور پاکستانی رہنماؤں سے ان کی ملاقاتیں بہت مفید رہیں۔ ”امریکہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ ہم نے پاکستان کے سول اور فوجی رہنماؤں سے بلاتکلف اور مفید بات چیت کی۔ ہر چند کہ ہمارے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مسائل درپیش رہے ہیں ، تاہم ہم نے ان مسائل پر کام کرنے کی اہمیت اور باہمی مفادات اور احترام پر مبنی اپنے اشتراک کار کی تجدید پر بات چیت کی“۔

اسپیکر جان بینر نے کہا کہ امریکہ اس بات کا معترف ہے کہ پاکستانی فوج اور اس کے عوام نے حالیہ برسوں کے دوران انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ”القاعدہ اور اس کے انتہا پسند ساتھیوں نے پاکستان کو ہدف بنا رکھا ہے اور اس کے نتیجے میں پاکستانی قوم بری طرح متاثرہوئی ہے۔ ہم پاکستانی فوج کی کوششوں اور فوجیوں اور عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی مہمان نوازی اور دونوں ملکوں کی جانب سے مل کر کام کرنے کے عہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں“۔

جان بینر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی کے علاوہ فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیا نی سے بھی امریکی وفد نے ملاقات کی۔

وفد کے ارکان نے کورکمانڈر پشاور کے دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی فورسز کی کارروائیوں پر بات چیت کی گئی۔

جنوری میں لاہور میں دو پاکستانیوں کے قتل کے الزام میں امریکی سی آئی اے کے ایک کنٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری کا معاملہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنا تھا اور جس کی وجہ سے دو طرفہ رابطو ں کا سلسلہ بھی بظاہر تعطل کا شکار ہو گیا ۔ لیکن دونوں ملکوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ قصہ پارینہ ہے اور پاک امریکہ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں ۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسیپکرجان بینر کی قیادت میں چھ رکنی کانگریس کے وفد کا دورہ اسلام آباد اور پاکستانی سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کی واشنگٹن روانگی حکام کے مطابق دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی غماز ہے ۔

اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے گذشتہ ہفتے وائس آف امریکہ کے ساتھ انٹرویو میں بتایا تھا کہ امریکی فوج کے تین اعلیٰ ترین کمانڈرز بشمول جنرل ڈیوڈ پیٹریاس اور ایڈمرل مائیکل ملن بھی اگلے چند روز میں پاکستان کا دورہ کریں گے ۔

XS
SM
MD
LG