رسائی کے لنکس

اسپین میں کرونا وائرس کی دوسری لہر، اموات میں اضافہ


اسپین میں ایک ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد کرونا وائرس سے ایک دن میں ساڑھے چھ سو اموات ہوئی ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یورپی ملک کو وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔

ادھر برازیل میں دوسری بار ایک دن میں 110 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، جبکہ بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ تعداد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد جمعہ کو 52 لاکھ 80 ہزار اور اموات 3 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ ہوچکی تھیں۔

24 گھنٹوں کے دوران برازیل میں 1188، اسپین میں 688، میکسیکو میں 420، برطانیہ میں 351، روس میں 150، بھارت میں 142، اٹلی میں 130 اور ایکویڈور میں 117 مریض چل بسے۔

امریکہ میں جمعہ کی شام تک 1179 ہلاکتوں کی خبر آچکی تھی جس کے بعد کل تعداد ساڑھے 97 ہزار سے بلند ہوچکی ہے۔ ملک میں کیسز کی تعداد 16 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس سے بڑی تعداد میں اموات کی وجہ سے قومی پرچم تین دن تک سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ، برطانیہ، فرانس، اٹلی اور اسپین کے بعد برازیل چھٹا ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ امریکہ اور روس کے بعد وہ صرف تیسرا ملک ہے جہاں تین لاکھ سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان تمام ممالک سے زیادہ کیسز اور ہلاکتیں صرف ایک امریکی ریاست نیویارک میں سامنے آچکی ہیں۔ وہاں مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 67 ہزار اور اموات کی تعداد 29 ہزار سے زیادہ ہے۔

بھارت میں وزارت صحت کے مطابق، 24 گھنٹوں میں چھ ہزار سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوئی جو ملک میں ایک دن میں معلوم ہونے والے کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔

اب تک دنیا بھر میں 21 لاکھ 40 ہزار افراد کرونا وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں جن میں امریکہ کے لگ بھگ چار لاکھ شہری شامل ہیں۔ مزید جن ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں ان میں اسپین، جرمنی، اٹلی، برازیل، ترکی اور ایران شامل ہیں جبکہ روس میں یہ تعداد 99 ہزار ہے۔

XS
SM
MD
LG