رسائی کے لنکس

بھارت اور بنگلہ دیش میں زلزلہ، نو افراد ہلاک


یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد کے قریب واقع بھارتی ریاست منی پور میں آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 تھی۔

بھارت کے شمال مشرقی علاقے اور بنگلہ دیش میں پیر کی صبح کو آنے والے شدید زلزلے سے نو افراد ہلاک جب کہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔

امریکہ کے جیولو جیکل سروے کے مطابق بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد کے قریب واقع بھارتی ریاست منی پور میں آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 تھی۔

اطلاعات کے مطابق زلزلے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ بجلی کی ترسیل اور مواصلات کا نظام متاثر ہوا ہے جس سے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔

زلزلے سے بھارت میں چھ جب کہ بنگلہ دیش میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

زلزلے اتنا شدید تھا کہ اس کے اثر سے عمارتیں لرزنے لگی اور متاثرہ علاقوں کے مکین اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

اس زلزے کا مرکز ریاست منی پور کے شہر امپھال سے 30 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا جب کہ اس کی گہرائی 55 کلومیٹر بتائی گئی ہے ۔

اس کے جھٹکے زلزلے کے مرکز سے 600 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع مغربی بنگال کے شہر کولکتہ اور1,175 کلومیٹر دور میانمار کے مرکزی شہر یانگون تک محسوس کیے گئے۔

امپھال میں امدادی کارکن کے زیر تعمیر عمارت کے ملبے سے وہاں کام کرنے والے افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ وہاں کتنے افراد پھنسے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ امپھال میں چھ افراد کے ہلاک ہونے اور 100 کے قریب زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اگرچہ شہر میں ایئرپورٹ پر پروازیں معمول کے مطابق جاری تھیں مگر عینی شاہدین کے مطابق ہوائی اڈے کی چار دیواری کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک ٹرمینل کی عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔ آسام کے شہر گواہاٹی سے امدادی ٹیمیں امپھال پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

بنگلہ دیش، نیپال اور میانمار میں بھی رلزلے کے وقت لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ بنگلہ دیش کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں تین افراد دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک جبکہ کم از کم 90 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

میانمار کے محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی ملک میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG