رسائی کے لنکس

صومالی قزاقوں نے یونان کا مال بردار جہاز یرغمال بنالیا


صومالی قزاقوں نے یونان کا مال بردار جہاز یرغمال بنالیا
صومالی قزاقوں نے یونان کا مال بردار جہاز یرغمال بنالیا

یورپی یونین کی بحریہ نے کہاہے کہ صومالی قزاقوں نے یونان کے ملکیتی ایک مال بردار بحری جہاز کو یرغمال بنا لیا ہے۔ ایک روز قبل انہوں نے پہلے سے یرغمال بنائے گئے یونان کے ایک بحری جہاز کو آزاد کیا تھا۔

یورپی یونین کی بحریہ نے کہاہے کہ قزاقوں نے ایم وی ایگل نامی مال بردار جہاز کو پیر کے روز خلیج عدن کے مشرقی حصے میں اپنے قبضے میں لیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جہاز پر عملے کے 24 ارکان سوار ہیں جو تمام کے تمام فلپینی ہیں۔ تاہم عملے کے ارکان کی حالت کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا گیا۔

یورپی یونین کی بحریہ نے اتوار کے روز بتایا تھا کہ صومالی قزاقوں نے صومالی ساحل سے ایک بحری آئل ٹینکر ایم وی موٹیویٹر اور اس کے18 ارکان پر مشتمل عملے کو چھ ماہ تک اپنے قبضے میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا ۔

خلیج عدن اور بحرہند میں یورپی یونین اور دوسری عالمی طاقتوں کی فورسز کا گشت صومالی قزاقوں کی کارروائیاں روکنے میں ناکام رہاہے۔

مختلف اندازوں کے مطابق خیال ہے کہ اس وقت صومالی قزاقوں کے قبضے میں 30 بحری جہازا ور ان کے عملے کے 700 کے لگ بھگ ارکان موجود ہیں۔

امریکہ میں قائم ایک تحقیقی گروپ کی جانب سے پچھلے ہفتے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت قزاقوں سے جہاز اور عملے کے ارکان چھڑانے کے لیے انہیں اوسطاً 54 لاکھ ڈالر تاوان ادا کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG