رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز پر بم حملے میں اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ میران شاہ کے نزدیک سروبی کے علاقے میں پیش آیا جہاں معمول کی گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کے حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔

حکام کے مطابق نامعلوم عسکریت پسندوں نے جمعرات کی صبح سکیورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی کو دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔

بم حملے میں ایک جوان ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال میران شاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ میران شاہ کے نزدیک سروبی کے علاقے میں پیش آیا جہاں معمول کی گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم حکام اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔

بم حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

شمالی وزیرستان میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ان حملوں کے بعد مقامی لوگوں کو قبائلی علاقوں میں رائج قانون کے تحت حراست میں لے لیا جاتا ہے جس کی وجہ سے قبائلیوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG