امریکہ میں صحت ِعامہ کے حوالے سے جلد کا سرطان ایک نیا مسئلہ بن کر ابھر رہا ہے۔
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ میلانوما یا جلد کے کینسر سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور اس بارے میں معاشرے میں آگہی اجاگر کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
ایک نئی رپورٹ کے مطابق 1973ء کے بعد سے امریکہ بھر میں جلد کے سرطان کے کیسز میں 200٪ اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکیوں میں جلد کے کینسر کی ایک بڑی وجہ سورج کے ان رسیاؤں کی ہے جو ’سن ٹین‘ کے لیے دھوپ سینکتے ہیں اور اسے صحت کے لیے اچھا تصور کرتے ہیں۔
ماہرین اس بات پر بھی زور دے رہے ہیں کہ عوامی مقامات پر زیادہ چھاؤں کا انتظام ہونا ضروری ہے اور اسکولوں میں بچوں کو اس بات کا پابند بنانا چاہیئے کہ وہ ٹوپیاں پہنیں اور سن سکرین لوشن کا استعمال کریں تاکہ سورج کی مضر شعاعوں سے محفوظ رہ سکیں۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ کالجوں کے کیمپس میں ’ٹیننگ بیڈز‘ پر بھی پابندی لگا دینی چاہیئے۔
میلانوما یا جلد کا کینسر بہت خطرناک ہوتا ہے اور امریکہ بھر میں ہر سال تقریباً 9 ہزار افراد اس مرض کے ہاتھوں ہلاک ہو جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر کسی مریض میں جلد کے کینسر کی جلد تشخیص ہو جائے تو پھر اس کا تدارک ممکن ہے۔
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ سورج میں ضرورت سے زیادہ دیر تک بیٹھنے سے انسانی جسم میں الٹرا وائلٹ شعاعیں جذب ہو جاتی ہیں جس کے باعث جلد کا سرطان ممکن ہے جبکہ ماہرین ’ٹیننگ بیڈز‘ کو بھی جلد کے کینسر کا ایک بڑا سبب قرار دیتے ہیں جس میں مصنوعی روشنی استعمال کی جاتی ہے۔