یوں تو پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں، لیکن پاکستان کے دفاعی شعبے میں بھی متعدد خواتین کی صلاحیتیں اور خدمات ملک کیلئے قابل فخر درجہ رکھتی ہیں۔
حال ہی میں، پاکستان فوج میں خدمات انجام دینے والی خواتین اہل کاروں کو ایک ویڈیو کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاکستان کے دفاعی ادارے کی جانب سے جاری کردہ وڈیو میں شامل خواتین کے کردار کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی اس آفیشل وڈیو کا عنوان 'سسٹرز اِن آرمز‘، یعنی ’فوج میں شامل بہنیں‘ ہے، جس میں پاکستان کی فوج کے مختلف شعبوں میں تعینات خواتین کو دکھایا گیا ہے کہ وہ کس طرح ایک خاتون کے طور پر ملکی دفاعی شعبے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
’سسٹرز اِن آرمز‘ وڈیو کے پہلے حصے میں فوجی خواتین کو ایک عام عورت کی طرح دکھایا گیا ہے، جو امورخانہ داری کی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں، وہیں دوسرے حصے میں انہی خواتین کو وردی پہنے اپنی ڈیوٹیاں نبھاتے دکھایا گیا ہے۔ یہ خواتین ایک پائلٹ کے طور پر جہاز اڑانے سے لےکر اسلحے سے لیس، سرحد پر دشمن کا مقابلہ کرتی ہیں۔
وڈیو پیغام میں ان خواتین اہل کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خواتین بہت بہادر، مضبوط اور سخت جان ہیں، وہ سخت تربیت کے حاصل کرکے اِن عہدوں تک پہنچی ہیں۔ ان خواتین میں انجنیئر، کپتان، افسر اور کمانڈر خواتین کے ایک پرعزم جذبے کو پیش کیا گیا ہے۔
سرکاری وڈیو کا دورانیہ 4 منٹ 7 سیکنڈ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئی ایس پی آر کے فیس بک پر موجود اس ویڈیو کو تمام سوشل میڈیا سائٹس پر خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جب کہ مختلف فیس بک صفحات پر اسے شیئر اور پسند کیا جا رہا ہے۔