رسائی کے لنکس

سلمان احمد کو دھمکیاں، فنکاروں کی سیکورٹی پر سوال


سلمان احمد نے انکشاف کیا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے پولیس سے سیکورٹی مانگی تواس کا کہنا تھا کہ’’ آپ کی جان کو خطرہ ہے تو ملک چھوڑ کرچلے جائیں۔‘‘

پاکستانی موسیقی اور سر،تان کے حوالے سے سلمان احمد کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ وہ پاکستان میں انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے بھی پیش پیش رہتے ہیں لیکن ان دنوں عدم تحفظ کا شکارہیں اور حکومت سے سیکورٹی کے طلب گاربھی۔

میڈیا سے تبادلہ خیال میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے پولیس سے سیکورٹی مانگی تواس کا کہنا تھا کہ’’ آپ کی جان کو خطرہ ہے تو ملک چھوڑ کرچلے جائیں۔‘‘

سلمان احمد کہتے ہیں ’’ دھمکیوں سے ڈر کر ملک نہیں چھوڑوں گا۔ انسداد پولیو مہم کے خلاف عناصرکو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ ناکام ہوچکے ہیں۔‘‘

ندیم جعفری اسٹریٹ کرائم کا شکار
ادھر ایک اور فنکار ندیم جعفری رواں ہفتے ہی گھر کے باہر اسٹریٹ کرائم کا شکار ہوکر اپنے مہنگے موبائل اور نقدی سے محروم ہوگئے ۔ ندیم جعفری نے بتایا کہ ملزمان اور ان کے گارڈز کے درمیان ہوائی فائرنگ بھی ہوئی جس سے ملزمان فرار ہوگئے۔

فخر عالم سیکورٹی کے مطالبے کے بعد مستعفی
امجد صابری کے قتل کے بعد ندیم جعفری اور سلما ن احمد کو پیش آنے والے دونوں واقعات بہت اہم ہیں۔ یہ دھمکیاں مستقبل میں دیگر فنکاروں کو بھی دی جاسکتی ہیں ، اسی صورتحال کے پیش نظر ریپر اور سنگر فخر عالم نے 62 دیگر فنکاروں کے ساتھ گزشتہ ہفتے درخشاں تھانے، ڈیفنس میں فنکاروں کو سیکورٹی دینے کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔

ڈپٹی اسپیکر شہلارضا کا بیان
اس درخواست پر توجہ تو کجا فخر عالم سمیت 62 فنکاروں کے مطالبے پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلارضا نے کچھ اس قسم کے ریمارکس دیئے کہ احتجاجاً فخرعالم نے سندھ سنسرپورڈ کی چیئرمین شپ سے ہی استعفیٰ دے دیا۔

شہلا رضا کا بیان نہ صرف فخر عالم بلکہ شوبزکی تمام شخصیات کو بھی ناگوار گزرا۔ سینئر فنکار جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ ذاتیات کونشانہ بنانا درست نہیں۔ سیکورٹی مانگنا کسی کا بھی حق ہے۔ اگر کوئی غلط ہے توذاتی تبصروں کے بجائے اسے غلط ثابت کیا جانا چاہئے۔‘‘

شرمیلا فاروقی کا نظریہ
مذکورہ تینوں واقعات کے باوجود فنکاروں کی سیکورٹی کے لئے متعلقہ حکام کی طرف سے کچھ نہیں ہوسکا ہے حتیٰ کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی مشیر شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے ’’موجودہ حالات میں صرف فنکار ہی نہیں صحافی، ڈاکٹرز اور دیگر پروفیشنلز کو بھی سیکورٹی ملنی چاہئے وہ بھی ہر وقت نشانے پرہوتے ہیں۔‘‘

XS
SM
MD
LG