رسائی کے لنکس

سندھ اسمبلی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جمعرات کو ہوگا


دونوں عہدوں کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز ، مسلم لیگ فنکشنل اور متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے اپنے امیدوار میدا ن میں اتارے ہیں

کراچی کے ریڈ زون میں واقع سندھ اسمبلی کے نئے منتخب ارکان جمعرات کو ایوان کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔

دونوں عہدوں کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز، مسلم لیگ فنکشنل اور متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ ان امیدواروں میں اسپیکر کے عہدے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی، متحدہ قومی موومنٹ کے خواجہ اظہار الحسن اور مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ خان مروت نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر کے لئے تینوں جماعتوں نے خواتین کے نام پیش کئے ہیں۔ پیپلز پارٹی نےسیدہ شہلا رضا، ایم کیو ایم نے ہیر اسماعیل سوہو اور مسلم لیگ فنکنشنل نے نصرت سحر عباسی کو ایک دوسرے سے مقابلے کے لئے میدان میں اتارا ہے۔ شہلا رضا نے دوسری مرتبہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

مذکورہ تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی چھان بین کے بعد منظور کرلئے گئے ہیں۔

دونوں عہدوں کے لئے مزید کاغذات نامزدگی شام 4 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ ان کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شام 5 بجے تک مکمل ہوجائے گا جبکہ حتمی فہرست 6 بجے جاری ہو گی۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ حق رائے دہی کے ذریعے عمل میں آتا ہے۔ ہر رکن کو باری باری ووٹ کاسٹ کرنا ہوگا، جس کے حق میں زیادہ ووٹ ڈالے جائیں گے وہی شخص مذکورہ عہدوں پر فائز ہوگا۔
XS
SM
MD
LG