رسائی کے لنکس

'عمران خان کا کم بیک زیادہ مضبوط ہو گا'؛ سابق وزیرِاعظم کی سزاؤں پر ردِ عمل


پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی دو مقدمات میں سزا پر جہاں مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا کی خبریں شہ سرخیوں میں ہیں وہیں شوبز اور کرکٹ سے جڑی شخصیات کی جانب سے ردِ عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کسی میں منگل کو 10، 10 سال جب کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں بدھ کو 14، 14 سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

عمران خان کی سزاؤں پر سابق کرکٹرز اور اداکاروں نے سوشل میڈیا پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔

اداکار و گلوکار ہارون شاہد نے سوشل میڈیا پر سائفر کیس میں 10 سال قید پر تبصرہ کیا کہ "دس نہیں، آپ کے بس کی بات نہیں۔"

اداکارہ مشی خان نے عمران خان کو مین آف اسٹیل کہا۔

یوٹیوبر شاہ ویر جعفری نے عمران خان کو سزا ئیں ملنے کے بعد ٹوئٹ کیا کہ آپ سب کو ووٹ ضرور ڈالنا ہے۔

گلوکار نجم شیراز نے عمران خان کی سزا کا فیصلہ آنے کے بعد قرآن کی ایک آیت شیئر کی۔

راک بینڈ جنون کے سابق ممبر سلمان احمد نے عمران خان کے ساتھ اپنی ایک سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ "آج بھی عمران خان ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں۔"

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے بھی سوشل میڈیا پر فیض احمد فیض کا ایک شعر شیئر کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف فیصلے پر تنقید کی۔

عرب صحافی اور تیونس میں سابق صدارتی امیدوار ڈاکٹر محمد الہاشمی الحامدی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف فیصلے کا جواب عوام آٹھ فروری کو ووٹ ڈال کر دے۔

بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ ایویناش آریان نے پاکستانی شوبز اور کرکٹ اسٹارز کی خاموشی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم میں مسلم کرکٹر سرفراز خان کی شمولیت پر ٹوئٹ کرنے والوں کو سابق کپتان و آل راؤنڈر عمران خان کی سزائیں کیوں نظر نہیں آرہی ہیں۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے صحافی ڈینیئل ایلگزینڈرز نے کہا کہ عمران خان کا کم بیک اس سے بھی زیادہ مضبوط ہو گا۔

جہاں شوبز انڈسٹری عمران خان کے حق میں بات کر رہے ہیں وہیں اداکارہ عفت عمر نے ماضی کی تصاویر شیئر کیں۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG