رسائی کے لنکس

مہا کنبھ کے میلے میں بالی ووڈ ستاروں کی شرکت


ShilpaVisitsKumbh
ShilpaVisitsKumbh

شلپا کے علاوہ اکشے کمار، ٹوئینکل کھنہ اور ہالی ووڈ ایکٹریس کیتھرین ریٹا جونس بھی کنبھ میں شرکت کی غرض سے آئندہ چند روز میں یہاں پہنچ رہے ہیں۔

بھارت میں 12 برسوں کے دوران صرف ایک مرتبہ ہونے والے مہا کنبھ کے میلے کا آغاز ہوگیا ہے۔

مہاکنبھ کا یہ میلہ پوری دنیا میں مشہور ہے۔ جی ہاں! یہ وہی کنبھ کا میلہ ہے جو پرانی فلموں میں دو بھائیوں کے بچھڑنے کا سبب ہوا کرتا تھا۔ لیکن اس بار یہ میلہ بالی ووڈ اسٹارز کا’ ہاٹ اسپاٹ‘ بنا ہوا ہے۔

یو پی بہار کو لوٹنے والی شلپا شیٹھی نے بھی پیر کو پوری مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ اس میلے میں شرکت کی اور گنگا میں اشنان (غسل) کیا۔

غسل کے ساتھ ساتھ انہوں نے اریل گھاٹ پر بنے ایک آشرم میں کنبھ کے لئے مخصوص پوجا کی اور پاٹھ سنا۔

'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق شلپا کے علاوہ اکشے کمار، ٹوئینکل کھنہ اور ہالی ووڈ ایکٹریس کیتھرین ریٹا جونس بھی کنبھ میں شرکت کی غرض سے آئندہ چند روز میں میلے میں پہنچ رہے ہیں۔

میلہ آئندہ 55 دنوں تک چلتارہے گا۔ اس دوران متعدد ٹی وی اور فلمی فنکاروں کے یہاں پہنچنے کی توقع ہے۔

شلپا کے علاوہ ساوٴتھ انڈین فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پربھو دیو اور ریمو ڈی سوزا بھی جلد گنگا کنارے پہنچیں گے۔ یہاں وہ اپنی فلم ’اے بی سی ڈی‘ یعنی ”اینی بڈی کین ڈانس“ کا پروموشن بھی کریں گے اور ایک گانا بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔

ریکارڈنگ کے دوران پربھو دیو گھاٹ پرموجود لاتعداد لوگوں کے سامنے ڈانس کریں گے۔

بالی ووڈ میں پروموشن کے لئے اب نئے نئے طریقے اپنائے جارہے ہیں۔ ایسے میں لاتعداد لوگوں کی عقیدت کا مرکز بننے والے کنبھ کے میلے کو بھی فلم پروموشن کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

گانے کی ریکارڈنگ اس مہینے کے آخر میں ہو گی۔ اس کے لئے اسٹیج جلد ہی تیار کیا جائے گا۔ یہ پہلی تھری ڈی ڈانس فلم ہے جس میں کوریوگرافر پربھودیو اور ریمو ڈی سوزا بھی ڈانس کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
XS
SM
MD
LG