رسائی کے لنکس

سپریم کورٹ کا شرجیل میمن کو اسپتال سے جیل منتقل کرنے کا حکم


پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما شرجیل میمن، فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما شرجیل میمن، فائل فوٹو

محمد ثاقب

سپریم کورٹ آف پاکستان نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پانچ ارب روپے سے زائد کرپشن کیس کے ملزم سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن کو فوری طور پرا سپتال سے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کو نام نہاد میڈیکل رپورٹس پراسپتال منتقل کیا گیا اس ضمن میں کوئی عدالتی حکم موجود نہیں۔اسپتال منتقل کرنے کی کوئی طبی وجہ سامنے نہیں آئی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کی سماعت شروع کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں شرجیل میمن اس وقت کہاں ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ کی تجویز پر علاج کی غرض سے انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا تھا۔

عدالت نے اس ضمن میں احتساب عدالت کا حکم پیش کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ عدالت نے ٹیسٹ کے لیے اسپتال لے جانے کا حکم دیا لیکن ڈاکٹرز نے طبیعت زیادہ خراب کے باعث انہیں ایڈمٹ کرلیا۔ بینچ کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کوئی عدالتی حکم سرے سے موجود ہی نہیں۔سپریم کورٹ نےحکم دیاکہ فوری طور پر شرجیل میمن کو جیل منتقل کیاجائے۔

عدالت نے سپریم کورٹ کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ سے استفسار کیاکہ یہ بتائیں شرجیل میمن کا ٹرائل پنجاب کیسے منتقل کیا جاسکتا ہے۔ فیصل صدیقی نے کہاکہ قانون کے تحت سپریم کورٹ کو کوئی بھی کیس ایک صوبے سے دوسرے صوبے منتقل کرنے کا اختیارحاصل ہے۔

سماعت کے دو گھنٹے بعد عدالتی حکم پرعملدرامد کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات نے شرجیل میمن کواسپتال سے جیل منتقل کرنے کی رپورٹ پیش کردی۔ عدالت نے شرجیل انعام میمن کی صحت سے متعلق قائم میدیکل بورڈ میں شامل تمام ڈاکٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ سیشن تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے بیان دیا کہ شاہ زیب قتل کیس میں گرفتار ملزم شاہ رخ جتوئی کوبھی واپس جیل منتقل کردیاہے۔ان کاکہنا تھا کہ شاہ رخ جتوئی کو سینے میں تکلیف کی وجہ سے جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز نے دل اور لو بلڈ پریشر بھی چیک کیا۔

عدالت نےاستفسار کیاکہ شاہ رخ کی سرجری کا کیس نہیں تھا تو دو ہفتے اسپتال میں رکھنے کی تجویز کس نے دی؟ اگر کل رات کو واپس جیل منتقل کیا تو کس کے کہنے پر کیا ؟غریب اور امیر کےلئے دہرامعیار قانون نہیں چلے گا۔

عدالت نے سندھ بھر کی جیلوں کے ایسے قیدیوں کی فہرست طلب کرلی جو جیل یا باہر کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ عدالت نے اتوار کی شام تک آئی جی جی جیل خانہ جات سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

XS
SM
MD
LG