شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بدھ کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن جلد ہی 44 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی بلے باز شان مسعود 12 رنز بنا کر کریگ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
محمد حفیظ نے پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری اسکور کی۔
پہلے روز کے اختتام پر محمد حفیظ نے 178 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں ساتویں اور اس سیریز میں دوسری سینچری ہے۔
اظہر علی اور محمد حفیظ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ ہوا لیکن یہ زیادہ دیر نہ چل سکی اور اظہر علی 39 رنز پر کریگ کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
یونس خان صرف پانچ رنز ہی بنا سکے ان کو ڈئینل ویٹوری نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے کریگ نے دو اور ویٹوری نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو محمد حفیظ 178 اور کپتان مصباح الحق 38 کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔
پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں، توفیق عمر اور احسان عادل کی جگہ محمد حفیظ اور محمد طلحہ کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے نیشم کی جگہ ڈینیئل ویٹوری کو شامل کیا ہے جن کی ٹیسٹ میچ میں واپسی اڑھائی سال کے وقفے کے بعد ہوئی ہے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے جو اس نے پہلا میچ 248 رنز سے جیت کر حاصل کی تھی جب کہ دوسرا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد بے نتیجہ رہا تھا۔