رسائی کے لنکس

آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن 52 برس کی عمر میں چل بسے


آسٹریلیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن 52 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

شین وارن کے منیجر کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ شین وارن تھائی لینڈ کے تفریحی مقام کوہ سموئی کے ولا میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

منیجر کے مطابق ڈاکٹرز نے اُن کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ممکنہ طور پر اُن کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔

'وارنی' کے نام سے پہچانے جانے والے شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔

اُن کا شمار دنیائے کرکٹ کے بڑے لیگ اسپنرز میں ہوتا تھا۔ اپنے کریئر کے دوران بہترین کارکردگی سے اُنہوں نے کئی میچز میں آسٹریلیا کو کامیابی دلوائی۔اُنہوں نے 194 ایک روزہ میچز میں 293 وکٹیں حاصل کیں ۔

شین وارن کے انتقال پر کرکٹ حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وارن کے اچانک انتقال پر پاکستانی کرکٹرز بھی افسردہ ہیں اور ٹوئٹر پر لیجنڈ اسپنر کے انتقال پر اظہارِ افسوس کر رہے ہیں۔

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے بھی وارن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ یہ کرکٹ کے لیے انتہائی اداس دن ہے۔

پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر بھی وارن کے انتقال پر افسردہ ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہ اُن کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی شین وارن کے اچانک انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے دوست اور ہر وقت مدد کے لیے دستیاب شین وارن کے انتقال پر صدمہ پہنچا ہے۔

XS
SM
MD
LG