رسائی کے لنکس

'شاہین کے اسی یارکر کا انتظار تھا'


پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے تیز رفتار یارکر پر افغان بلے باز کو آؤٹ کر کے 2021 کے ورلڈ کپ کی یاد تازہ کر دی ہے۔ شاہین کے اس یارکر کی گونج سوشل میڈیا پر سنائی دے رہی ہے۔

بدھ کو آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں شاہین کے پہلے ہی اوور میں افغان بلے باز رحمت اللہ گرباز یارکر گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

امپائر کے آؤٹ دیے جانے پر رحمت اللہ لنگڑاتے رہے اور ان کی مدد کے لیے ایک کھلاڑی آن فیلڈ پہنچے اور انہیں پیٹھ پر اٹھا کر گراؤنڈ سے باہر لے گئے۔

شاہین آفریدی اس سے قبل بھی کئی بلے بازوں کو اسی طرح کے یارکر پر آؤٹ کر چکے ہیں جن میں بھارتی کپتان روہت شرما نمایاں ہیں۔

افغانستان کے خلاف شاہین نے چار اوور میں 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک وکٹ پرفیکٹ یارکر پر رحمت اللہ گرباز کی تھی۔ اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف انہوں نے پہلے وارم اپ میچ میں دو اوورز میں سات رنز دیے تھے ۔

شاہین کی اس پرفارمنس پر شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر ان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ شاہین کے یارکر پر کمنٹیٹر نے بھی کہا کہ شاہین کی ٹیم میں واپسی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اوپننگ بلے بازوں کے لیے خطرناک ہے۔

ہارون نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ پاکستان ٹیم شاہین آفریدی کے بغیر نامکمل ہے۔ ان کا ٹیم میں واپس آنا بہت اچھا ہے۔

راجیو رائے نامی ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ شاہین نے نہ کھیلے جانے والے یارکر پر رحمت اللہ گرباز کو آؤٹ کیا۔ پہلے ہی اوور میں یہ ہلاکت خیز یارکر تھا جس پر گرباز زخمی ہوئے۔

احمد نامی ٹوئٹر صارف شاہین کے یارکر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ "ہم یقینی طور پر اس کا انتظار کر رہے تھے۔"

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی رواں برس جولائی میں میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ دورہ نیدر لینڈز اور ایشیا کپ کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔

انجری کی وجہ سے شاہین کو برطانیہ میں ری ہیب کیمپ میں وقت گزارنا پڑا تھا اور وہ انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کے موقع پر ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

گمان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاہین کی ٹیم میں واپسی اس انداز میں نہیں ہو سکے گی جس طرح وہ ایشیا کپ میں بالنگ کر رہے تھے۔ تاہم انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف وارم اپ میچز میں شاہین نے اپنی شاندار بالنگ کی بدولت تمام خدشات کو غلط ثابت کیا ہے۔

بدھ کو برسبین میں افغانستان کے خلاف شاہین کی شاندار بالنگ پر ایک ٹوئٹر صارف نے دو تصاویر شیئر کیں۔ ایک تصویر میں زخمی گرباز کو گراؤنڈ سے باہر لے جاتے ہوئے دکھایا گیا جس پر انہوں نے 'آرٹ' لکھا جب کہ دوسری تصویر میں شاہین کو خوش ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور صارف نے اس پر 'آرٹسٹ' لکھ پر تبصرہ کیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے بھارتی کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "فینز پاکستان ٹیم کا میچ دیکھ رہے ہیں۔"

احمد حسیب نامی ٹوئٹر صارف نے شاہین شاہ آفریدی کی میچ کے بعد گرباز سے ملاقات کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ شاہین کا اچھا اقدام ہے۔

XS
SM
MD
LG