رسائی کے لنکس

پاکستان اور افغانستان کے درمیان وارم میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم


پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے سے قبل کھیلے جانے والا وارم میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں حصہ نہ لینے والے کپتان بابر اعظم کی بھی ٹیم بھی واپسی ہوئی تھی۔ بابر کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت شاداب خان نے کی تھی اور پاکستان یہ میچ ہار گیا تھا۔

تاہم بدھ کو برسبین میں افغانستان کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں بابر ٹیم کا حصہ تو بنے لیکن قیادت شاداب خان نے ہی کی۔

کپتان شاداب نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے جس نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے کپتان محمد نبی نے 37 گیندوں پر 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ ابراہیم زادران نے 34 گیندوں پر 35 رنز جب کہ عثمان غنی نے 20 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر دو افغان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ حارث رؤف چار اوورز میں 34 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں جب 2.2 اوورز میں 20 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا اور بعدازاں بغیر کسی نتیجے کے امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔جب میچ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو محمد رضوان صفر اور بابر اعظم چھ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان نے 15 رُکنی ٹیم میں شان مسعود، حیدر علی، شاداب خان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، خوش دل شاہ، آصف علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، حارث رؤف، عثمان قادر، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی کو آزمایا۔

افغانستان ٹیم کی قیادت محمد نبی نے کی اور ٹیم میں حضرت اللہ زازئی، رحمت اللہ گرباز، ابراہیم زدران، درویش رسولی، نجیب اللہ زدران، عثمان غنی، عظمت اللہ عمرزئی، قیس احمد، فضل حق فاروقی، مجیب الرحمن، نوین الحق، فرید احمد، محمد سلیم اور راشد خان شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG