رسائی کے لنکس

کرونا وائرس، ممبئی پولیس نے آگاہی کے لیے فلمی ڈائیلاگ کا سہارا لے لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ممبئی پولیس نے عوام میں کرونا وائرس سے بچنے کی تدابیر کو موثر بنانے کے لیے شاہ رخ خان کی فلم 'میں ہوں نا' کے ویڈیو کلپ کا سہارا لے لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اس کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے کالج پروفیسر کی جانب سے ان پر پھینکے گئے تھوک سے خود کو بچانے کے لیے ایک اسٹنٹ کا سہارا لیتے ہیں جسے دیکھ کر فلم بین واہ واہ کر اٹھتے ہیں۔

ویڈیو کلپ میں پیغام دیا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کو بچنے کے لیے اب ایسے کسی اسٹنٹ کی ضرورت نہیں ۔۔۔ کیوں کہ ماسک ہے نا!

ممئی پولیس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو فولو کرنے والے افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ اس کی مقبولیت کی وجہ یہ ہے کہ ممبئی پولیس اپنی ٹوئٹس یا پیغام کو عوام میں مقبول بنانے کے لیے عجیب و غریب اور مزاحیہ انداز اپناتی ہے جسے زیادہ سے زیادہ لوگ شیئر کرتے ہیں اور بلآخر ممبئی پولیس اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتی ہے۔

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے بھی ممبئی پولیس نے مختلف طریقوں کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ان میں ماسک پہننے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے فلم 'میں ہوں نا 'کے ایک سین کا سہارا لیا گیا ہے۔

ویڈیو کلپ کی بدولت اس پیغام کو لوگ خوشی خوشی ایک دوسرے کو شیئر کر رہے ہیں۔

ممبئی پولیس شاہ رخ خان کی فلم سے پہلے ایک اور فلمی سین کی بدولت اپنا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے میں کامیاب رہی ہے۔

کچھ دن پہلے ہی، پریس انفارمیشن بیورو کی ممبئی برانچ نے فلم 'ڈان' کے مشہور مکالموں کو بھی کرونا سے آگاہی کے لیے چلائی جانے والی عوامی مہم کے لیے مزاحیہ انداز میں استعمال تھا جو عوامی دلچسپی کے باعث بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔

یہ ڈائیلاگ تھے "ڈان کو پکڑنا مشکل ہی نہیں ، ناممکن ہے" اور "ڈان کا انتظار تو گیارہ ملکوں کی پولیس کررہی ہے مگر ڈان ان دنوں 'گھر تک' محدود ہے۔"

XS
SM
MD
LG