رسائی کے لنکس

'ورلڈ کپ میں لیگ اسپنرز کا کردار اہم ہو گا'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں لیگ اسپنرز کا کردار اہمیت کا حامل ہو گا۔ لیگ اسپنر کے خلاف رنز بھی بنتے ہیں تاہم وہ وکٹ حاصل کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لہذٰا لیگ اسپنر ہمیشہ کھیل میں اثر انداز ہوتا ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ آفیشیل ویب سائٹ کے مطابق شاداب خان کا کہنا تھا کہ اگر وکٹ میں تھوڑا سا بھی ٹرن ہو اور آپ اچھی لائن پر بولنگ کریں تو بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

بیس سالہ شاداب خان 34 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں27 اعشاریہ 74 کی اوسط سے مجموعی طور پر 47 وکٹیں لے چکے ہیں۔ کسی بھی میچ میں ان کی بہترین بولنگ 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے۔

شاداب خان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ وکٹوں پر 300 کے قریب رنز با آسانی بن سکتے ہیں، اگر آپ مڈل اوورز میں وکٹیں حاصل کرلیں تو میچ جیتنے کے اچھے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان کے بقول بیٹنگ وکٹوں پر وکٹیں حاصل کر کے خریف ٹیم کو کم اسکور پر محدود کیا جاسکتا ہے ورنہ یہاں 350 سے زائد رنز بھی بن سکتے ہیں۔

پاکستانی لیگ اسپنر بیماری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز نہیں کھیل سکے تھے، افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں 10 اوورز کرانے کے بعد شاداب خان کا کہنا تھا کہ محض ایک دو روز کی پریکٹس کے بعد افغانستان کے خلاف انہوں نے بہتر بولنگ کی۔

بارش کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کا وارم اپ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنا پڑا تھا۔ شاداب خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بڑے مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ ان کے بقول اسی ٹیم نے دو سال قبل انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔

شاداب خان کا مزید کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ہم تمام میچ ہارے لیکن مشکل صورتحال میں ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی اور مقابلہ کیا لیکن جیت نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹنگ اچھی فارم میں ہے۔ بولنگ نے اب تک پرفارم نہیں کیا لیکن آپ ایک یا دو وکٹیں حاصل کرلیں تو حریف ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG