رسائی کے لنکس

نیپال میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، کم از کم 68 افراد ہلاک


 جائے وقوعہ جہاں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا
جائے وقوعہ جہاں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا

نیپال کے شہر پکھارا میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق اب تک کم از کم 68 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نیپال کی یٹی ایئرلائن کا طیارہ کھٹمنڈو سے پکھارا جا رہا تھا جس میں عملے سمیت 72 افراد سوار تھے۔ طیارے کے گرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

طیارہ گرنے کے فوری بعد سیکڑوں امدادی کارکنان جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔

طیارہ حادثے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس میں طیارے کو گرتے ہوئے اور جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیپال کی سول ایوی ایشن کے ترجمان جاگاناتھ نرولا کا کہنا ہے کہ موسم صاف ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یٹی ایئرلائن کے ترجمان سدارشن بارتوالا کے مطابق اے ٹی آر 72 طیارہ دو انجنوں پر مشتمل تھا۔ طیارے میں 72 افراد سوار تھے جس میں عملے کے چار ارکان، دو بچے اور 10 غیرملکی شہری شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ پرانے اور نئے پکھارا ایئرپورٹس کے درمیان گر کر تباہ ہوا ہے۔

نیپال کے وزیرِاعظم پشپا کمال نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سیکیورٹی ایجنسیز اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امدادی کارروائیوں میں مدد کریں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 کے مطابق یہ طیارہ 15 سال پرانا تھا۔

اے ٹی آر 72 ایک وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا ڈوئل انجن والا ٹربو پروپ طیارہ ہے جسے ایئربس اور اٹلی کی لیونارڈو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

یٹی ایئرلائنز کے پاس چھ اے ٹی آر72-500 طیارے ہیں۔

نیپال میں فضائی حادثے غیرمعمولی نہیں ہیں کیوں کہ یہاں دنیا کے 14 بلند پہاڑوں میں سے آٹھ موجود ہیں جس میں ماؤنٹ ایوریسٹ بھی شامل ہے۔ یہاں موسم کی اچانک تبدیلی کی صورت میں صورتِ حال خطرناک ہوجاتی ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG