رسائی کے لنکس

'شارلٹس ول میں تشدد و اموات امریکی قانون و انصاف کے دل پر ضرب ہے'


امریکہ کی ریاست ورجینیا کے شہر شارلٹس ول میں سفید فام قوم پرستوں کی ریلی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے والوں پر گاڑی چڑھائے جانے کے مہلک واقعے کی محکمہ انصاف نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اٹارنی جنرل جیف سیشنز کا کہنا تھا کہ "شارلٹس ول میں تشدد اور اموات نے امریکی قانون و انصاف کے دل پر ضرب لگائی ہے۔"

ان کے بقول نسلی تعصب اور نفرت سے جنم لینے والے اقدام "ہماری بنیادی اقدام کے منافی ہیں جنہیں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔"

اٹارنی جنرل جیف سیشنز (فائل فوٹو)
اٹارنی جنرل جیف سیشنز (فائل فوٹو)

ورجینیا کے گورنر کے مطابق تشدد کے واقعات میں تین افراد کی ہلاکت کے بعد ہفتہ کو سفید فام قوم پرستوں مظاہرین سے کہا گیا تھا کہ "وہ اپنے گھروں کو واپس" چلے جائیں۔

یہ لوگ امریکہ کی خانہ جنگی کے دور میں غلامی کی حمایت کرنے والے جنرل رابرٹ لی کے مجسمے کو ہٹانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

شارلٹس ول میں مخالف مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد گورنر ٹیری میک اولف نے یہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی تھی۔

ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میک اولف کا کہنا تھا کہ "تمام سفید فام قوم پرستوں اور نازی جو آج شارلٹس ول میں آئے ہیں ان کے لیے میرا پیغام بہت واضح اور سادہ ہے 'گھروں کو واپس جاؤ'، تم لوگوں کی اس اس عظیم دولت مشترکہ میں ضرورت نہیں، تمہیں شرم آنی چاہیے۔"

ہفتہ کو دیر گئے کیلفورنیا کے شہروں اوکلینڈ، سان فرانسسکو، لاس اینجلس اور سان ڈیاگو میں مظاہرے دیکھنے میں آئے لیکن ان میں مظاہرین پر امن رہے۔

سفید فام قوم پرست اس مجسمے کو ہٹانے کے مخالف ہیں
سفید فام قوم پرست اس مجسمے کو ہٹانے کے مخالف ہیں

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوجرسی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نفرت، تعصب اور تشدد پر مبنی واقعات قرار دیا۔

انھوں نے فوری طور پر شہر میں امن و امان کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ "کسی بھی شہری کو اپنی سلامتی اور تحفظ سے متعلق خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔"

شارلٹس میں جیسے ہی ریلی کا اختتام ہوا تو کار پر سوار ایک شخص نے گلی میں کھڑے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی۔ وڈیو میں دکھائی دینے والے مناظر میں کئی لوگوں کو گاڑی کی ٹکر سے ہوا میں اچھل کر گرتے ہوئے دیکھا گیا۔

پولیس نے تحویل میں موجود کار ڈرائیور
پولیس نے تحویل میں موجود کار ڈرائیور

اس واقعے میں ایک 32 سالہ خاتون ہلاک اور دو درجن کے لگ بھگ زخمی ہوئے۔

پولیس نے کار کے ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا جس کی شناخت اوہائیو کے 20 سالہ رہائشی جیمز ایلکس فیلڈز جونیئر کے نام سے کی گئی۔

XS
SM
MD
LG