رسائی کے لنکس

انتخابات میں روسی مداخلت کی غیر جانبدار تحقیقات ہوں گی: سینیٹ کمیٹی


ڈیموکریٹ سینیٹر مارک وارنر (بائیں) ریپبلکن سینیٹر اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چئیرمین رچ ڈ بر (دائیں)
ڈیموکریٹ سینیٹر مارک وارنر (بائیں) ریپبلکن سینیٹر اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چئیرمین رچ ڈ بر (دائیں)

امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین اور اس کے ایک ڈیموکریٹ رکن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گزشتہ سال کے انتخاب میں روسی مداخلت اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب لوگوں کے اس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے کی جامع اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں گی۔

شمالی کیرولائینا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر اور کمیٹی کے چیئرمین رچرڈ بر نے بدھ کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ "ان تحقیقات کا دائرہ وہاں تک ہو گا جس طرف انٹیلی جنس معلومات لے کر جائیں گی۔"

ورجینیا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اور کمیٹی کے ممتاز ڈیموکریٹک رکن مارک وارنر نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اس (معاملے کی ) کے تہہ تک جائیں گے۔"

کمیٹی کے چیئرمین رچرڈ نے کہا کہ "غیر معمولی تعداد میں دستاویزات " موصول ہوئی ہیں اور کمیٹی اضافی مواد حاصل کرنے کے لیے انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کم ازکم 20 انٹرویو کیے جائیں گے جن میں ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں جنہوں نے رضاکارانہ طور پر کمیٹی سے بات کرنے کا کہا ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ "کمیٹی اس وقت کشنر سے انٹرویو کرے گی جب کمیٹی اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ اب ہمارے لیے اس کی تاریخ مقرر کرنے کا وقت ہے۔

وارنر نے کہا کہ "ولادیمر پوٹن کا مقصد امریکہ کو کمزور کرنا ہے۔۔۔ اقتصادی طور پر کمزور، عالمی سطح پر کمزور (کرنا ہے)۔ یہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر تمام امریکیوں کے لیے تشویش کا با عث ہونا چاہیئے ۔"

ا بھی تک ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی روسی مداخلت کی تحقیقات میں آگے تھی۔

تاہم کمیٹی کی طرف سے اس معاملے کی کھلے عام سماعت اس بنا پر روک دی تھی کیوں کہ اس کی چیئرمین ریپبلکن رکن ڈیون نیونز کے طرف سے حساس معلومات سے متعلق ٹرمپ کو بریفنگ دی گئی، جس پر اُنھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ ڈیون نے اس بارے میں کمیٹی کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

اب جب کہ ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے اپنا کام روک دیا ہے، اس لیے اب توجہ کا محور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی ہے۔ رچرڈ بر نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ نومبر ٹرمپ کو ووٹ دیا تھا تاہم انہوں نے اس بات کو مسترد کیا کہ ان کی سیاسی وابستگی ان کے کام پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG