رسائی کے لنکس

معاشی ترقی میں زراعت کے کردار پر سیمینار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اس طرح کا تعاون ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم ثابت ہو گا۔

امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ’یو ایس ایڈ‘ کے تعاون سے معاشی ترقی میں زراعت کے کردار سے متعلق دو روزہ کانفرنس کا آغاز منگل کو اسلام آباد میں ہوا۔

پاکستان اسٹریٹیجی سپورٹ ایگریکلچرل پالیسی نامی اس کانفرنس کا افتتاح صدر ممنون حسین اور امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کیا جس میں حکومت پاکستان کے پالیسی سازوں اور نامور بین الاقوامی اور مقامی ماہرین سمیت 300 افراد شرکت کر رہے ہیں۔

اس کانفرنس کا اہتمام یو ایس ایڈ اپنے ایک بین الاقوامی شراکت کار ادارہ برائے خوراک و پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ( آئی ایف پی آر آئی) کے تعاون سے کر رہا ہے۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اس طرح کا تعاون ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم ثابت ہو گا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ امریکی حکومت کی فراخدانہ مدد سے اقتصادی استحکام، تجارت، زراعت، پانی کے موثر استعمال اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو وسعت ملی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں امریکہ ایک اہم شراکت دار ہے۔

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اُن کا ملک شراکت کاروں کے تعاون سے پاکستان بھر میں مہارت اور ٹیکنالوجی منتقل کر رہا ہے تاکہ کسانوں اور ان کے خاندانوں کے لیے معاشی مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔

یہ کانفرنس زراعت سے متعلق اہم مسائل کا جائزہ لے گی جس میں پالیسی ساز اور ماہرین پاکستان کی معاشی ترقی میں زراعت کے کردار اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ضروری درکار اقدامات پر غور کریں گے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان میں معاشی ترقی اور زراعت کے شعبے میں بہتری کے لیے اعانت کی فراہمی سفارتخانے کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

2007ء کے بعد سے اب تک پاکستان سے سبزیوں کی برآمد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ یو ایس ایڈ نے گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان میں ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد کسانوں کے لیے نئی ٹیکنالوجی اور زرعی انتظامی طریقے متعارف کروائے جن کی بدولت 60 ہزار ہیکٹر رقبہ پر محیط اراضی کو قابل کاشت بنانے میں مدد ملی۔

یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے تحت پاکستان میں سبزیاں کاشت کرنے والے کسانوں کو اعلیٰ اقسام کے بیج، آلات اور گرین ہاؤس ٹنل ٹیکنالوجی سمیت وسیع پیمانے پر اعانت فراہم کی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG