رسائی کے لنکس

زبردست مقابلے کے بعد پاکستان 12 رنز سے دوسرا ون ڈے ہار گیا


فخر زمان
فخر زمان

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کے 374 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 361 رنز بنائے، جب کہ جیت کے لیے انگلینڈ نے پاکستان کو پہاڑ جتنا ہدف دیا تھا۔

بعد ازاں اپنے کلمات میں کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ’’ٹارگٹ آسان نہیں تھا، لیکن شاہینوں نے مقابلہ خوب کیا‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ سے مطمئن ہوں‘‘۔ اس ضمن میں سرفراز احمد نے خصوصی طور پر فخر زمان کی بیٹنگ کا ذکر کیا، جنھوں نے 138 رنز بنائے، جس میں چار چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

آصف علی نے 36 گیندوں پر 51 رنز؛ جب کہ بابر اعظم نے بھی 51 رنز اسکور کیے؛ کپتان سرفراز 41 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جب کہ تیسرا ون ڈے برسٹل میں 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کی جانب سے بڑا ہدف بنانے میں پہلے دونوں اوپنر، یعنی جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو، نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کے بعد، این مورگن اور جوز بٹلر نے کوئی کثر نہیں چھوڑی۔

اوپنرز کسی بھی طرح سے کم اسکور پر پاکستانی بالرز کے ہاتھ نہیں آسکے بلکہ 115 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے۔ آخر کار پہلی کامیابی شاہین شاہ آفریدی کو اس وقت ملی جب جونی بیئراسٹو 51 رنز پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کھیل ابھی یہیں تک پہنچا تھا کہ اچانک بارش شروع ہوگئی۔ انگلینڈ اس وقت تک 28.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر170 رنز بنا چکا تھا۔ میچ روک دیا گیا۔

کچھ دیر بعد بارش رکی تو میچ دوبارہ شروع ہوا۔ لیکن جلد ہی جیسن رائے آٓؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 87 رنز بنائے۔ ان کا ساتھ دینے کے لئے جوئے روٹ نے کریز سنبھالی اور اسکور میں اپنی جانب سے 40 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔

اس کے بعد این مورگن اور جوز بٹلر نے بیٹنگ سنبھالی تو میچ کو مقررہ اوور تک پہنچائے بغیر دم نہ لیا اور کوئی وکٹ بھی اس دوران گرنے نہیں دی۔

جوز بٹلر نے دوسری تیز ترین سنچری اسکور کی اور 55 گیندوں پر110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ این مورگن نے بھی 77 رنز بنائے اور وہ بھی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل میچ کے آغاز پر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کا موقع دیا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ حکمت عملی کے تحت جلد وکٹ لیکر انگلینڈ پر پریشر ڈالنے کی کوشش کریں گے۔ تاہم، ان کے ساتھی بالرز ایسا کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب میزبان ٹیم کے کپتان این مورگن کا کہنا تھا کہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، اور یہی ان کی ٹیم نے کیا بھی۔

پاکستانی ٹیم
امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، حارث سہیل، سرفراز احمد، آصف علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ۔

پچھلی ٹیم کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا گیا۔

انگلینڈ کی ٹیم
جیسن رائے، جونی بیئراسٹو، جے روٹ ایون مورگن، جو بٹلر، بین اسٹرکس، معین علی، عادل راشد، کرس کویکس، ڈیوڈ ویلے اور لیام پلینکٹ۔

آل راؤنڈر شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی نہیں ہوئی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ اسی طرح محمد حفیظ بھی آج کے کھیل میں شامل نہیں۔

دونوں ٹیموں کا پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا، جبکہ ٹی 20 میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG