رسائی کے لنکس

ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنا لیے


  • پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنا لیے ہیں۔
  • جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
  • پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے سینچریاں اسکور کی تھیں۔
  • بیٹنگ کے لیے سازگار ملتان کی وکٹ میں بالرز کو کوئی مدد نہیں مل رہی۔

انگلینڈ نے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنا لیے ہیں اور اب بھی وہ پاکستان کی پہلی اننگز کے ٹوٹل 556 سے 64 رنز پیچھے ہے۔

جو روٹ 176 جب کہ ہیری بروک 141 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ میچ کے تیسرے روز بھی بالرز کو پچ سے کوئی مدد نہ مل سکی اور بلے باز وکٹ کے چاروں جانب کھل کر اسٹروکس کھیلتے رہے۔

تیسرے روز انگلینڈ کی صرف دو وکٹیں زیک کرالی اور بین ڈکٹ کی صورت میں گریں۔ پاکستان کے فاسٹ بالنگ اٹیک اور اسپن بالرز کو وکٹ سے کوئی مدد نہیں ملی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان کی بے جان وکٹ میں فاسٹ بالنگ کو نہ تو ریورس سوئنگ مل رہی ہے اور نہ ہی اسپنرز کو ٹرن مل رہا ہے۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انگلینڈ کی ٹیم چوتھے روز بڑا اسکور کرتی ہے تو دوسری اننگز میں پاکستان کے لیے مشکلات ہو سکتی ہیں۔

پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے سینچریاں اسکور کی تھی۔ بابر اعظم نے 31 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ سب سے کامیاب بالر رہے، اُنہوں نے 40 اوورز میں 160 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ گس اٹکنسن اور برائیڈن کارس نے دو، دو جب کہ کرس ووکس، شعیب بشیر اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو شروع میں ہی اولی پوپ بغیر کوئی رنز بنائے نسیم شاہ کی گیند پر عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فورم

XS
SM
MD
LG