پاکستان کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں پوزیشن کو مستحکم کر لیا ہے۔
جمعہ کو دبئی میں شروع ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے پہلے دن کھیل کے اختتام تک تین وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا لیے تھے۔
ابتدائی بلے بازوں نے 63 رنز کی شراکت فراہم کی لیکن پاکستانی اسپنر یاسر شاہ کی ایک گیند پر سلوا سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اور یہ پارٹنرشپ اپنے اختتام کو پہنچی۔ انھوں نے 27 رنز اسکور کیے۔
نئے آنے والے بلے باز سماراوکراما نے کرونارتنے کے ساتھ مل کر کھیل کو آگے بڑھایا لیکن جب مجموعی اسکور 131 رنز تک پہنچا تو فاسٹ باؤلر محمد عامر نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ پکڑ کر انھیں پویلین کی راہ دکھائی۔ انھوں نے 38 رنز بنائے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مینڈس نے جو محض ایک ہی رن بنا سکے۔ وہ یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کرونارتنے نے پراعتماد طریقے سے بیٹنگ جاری رکھی اور پہلے دن کھیل کے اختتام تک ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنا لیے۔ ان کا ساتھ دینے والے کپتان چندی مل 49 رنز پر کھیل رہے تھے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سری لنکا نے 21 رنز سے جیت کر سیریز میں پہلے ہی فتح حاصل کر رکھی ہے۔